شانگلہ،ناردرن ایریاز کے ٹرک ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال ساتویں روز میں داخل ہوگئی

بدھ 21 فروری 2018 00:00

شانگلہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2018ء)ناردرن ایریاز کے ٹرک ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال ساتویں روز میں داخل ہوگئی، قراقرم کو بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا جبکہ شانگلہ کے بعد ہزارہ، پشاور ، سوات اور دیگر علاقوں کے ٹرک ٹرانسپورٹرز بھی ہڑتال میں شامل ہوگئے اور اپنی سامان سے بھری گاڑیاں کھڑی کردی ہیں جبکہ ہڑتال سے گلگت بلتستان میں غذائی قلت پیدا ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق مشترکہ ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کی کال پر بشام میں جاری ہڑتال منگل کے روز ساتویں روز میں داخل ہوگئی جبکہ ٹرانسپورٹرز نے آدھے گھنٹے کیلئے قراقرم ہائے وے سیروڑ کے مقام پر بلاک کرکے احتجاج بھی کیااور اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کی۔ صدر محمد اسماعیل، پریس سیکرٹری سید خورشید علی، سردارعلی اور دیگر نے بتایا کہ جب تک اڈوں کے مالکان کرایوں میں اضافہ نہیں کرتے اور اور لوڈنگ سے اجتناب نہیں کرتے جبکہ خیبر پختونخوا حکومت ہری پور اور بھاشا کے درمیان ناجائز جرمانوں کو ختم نہیں کرتے تب تک ان کی ہڑتال جاری رہے گی۔ دوسری جانب ہڑتال کے باعث گلگت بلتستان میں غذائی قلت پیدا ہونے کا بھی خدشہ ہے۔