عوامی نیشنل پارٹی نے مادری زبانوں کے حوالے سے ہر فورم آواز اٹھائی ہے،انجینئرزمرک خان اچکزئی

منگل 20 فروری 2018 23:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 فروری2018ء)عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئرزمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی نے مادری زبانوں کے حوالے سے ہر فورم آواز اٹھائی ہے مادری زبانوں کو ہر فورم پر قومی اہمیت دی جائے جب تک مادری زبانوں کو اہمیت نہیں دی جاتی اس وقت تک ملک ترقی نہیں کرے گا 21 فروری کا دن ہمیں تاریخی حقیقت یاد دلاتا ہے کہ قوموں کو طاقت اور دھونس دھاندلی سے ختم نہیں کیا جاتا اب وقت آگیا ہے کہ مادری زبانوں کو تعلیم کا ذرائع بنائیں اگر ہم نے پشتو کو فناء ہونے سے بچانا ہے تو اس کے لئے ضروری ہے کہ عملی اقدامات اٹھائے جائیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا انہوںنے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی اور رہبر تحریک خان عبدالولی خان نے پشتوزبان سمیت دیگر زبانوں کے لئے جو قربانیاں دی ہیں تاریخ میں انہیں سنہری الفاظ سے لکھا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ اہل قلم نے اپنے قلم کے ذریعے پشتو کی خدمت کی انتہائی مشکل حالات کے باوجود جب پشتونخوا میں پارٹی اقتدار میں آئی تو اس نے سب سے پہلے کام یہی کیا کہ پشتو کو نصابی زبان بنایا جائے اس مقصد کے لئے باچا خان مرکز نے جو کردار ادا کیا وہ بھی روز روشن کی طرح عیاں ہے بلوچستان میں جن لوگوں نے اقتدار میں رہ کر مادری زبانوں کو دفتری اور سرکاری زبان دینے کے حوالے سے جو دعوے جلسوں میں کئے تھے عملی طورپر کچھ نہیں کیا انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی اقتدار میں آکر مادری زبانوں کو قومی اہمیت دیں گے کیونکہ دنیا نے اگر ترقی کی ہے تو اپنی مادری زبانوں میں اپنے مستقبل کے معماروں کو تعلیم دی ہے اس لئے آج وہ ترقی کی راہ پر گامزن ہیں بدقسمتی سے ہم لوگ مادری زبانوں میں وہ تعلیم حاصل نہیں کرسکے جس کی وجہ سے ہم اعلیٰ مقام پر پہنچتے ۔