گاہکوں کی بے عزتی سے دلبرداشتہ ویٹر ایک ہفتہ کومے میں رہنے کے بعد انتقال کر گیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 20 فروری 2018 23:36

گاہکوں کی بے عزتی سے دلبرداشتہ ویٹر ایک ہفتہ کومے میں رہنے کے بعد انتقال ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 20 فروری 2018ء ):گاہکوں کی بے عزتی سے دلبرداشتہ ویٹر ایک ہفتہ کومے میں رہنے کے بعد انتقال کر گیا۔غریب ویٹر قبائل ریسٹورنٹ کا ملازم اور سابقہ فوجی تھا۔تفصیلات کے مطابق یہ کہانی سوشل میڈیا پر قبائل ریسٹورنٹ کے اعلٰی منتظم عمر خان داور نے پوسٹ کی۔یہ کہانی ایک ریٹائرڈ فوجی مرتضیٰ کی ہے جسے خراب صحت کے باعث فوج سے ریٹائرڈ کر دیا گیا تھا اور وہ اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے قبائل ریسٹورنٹ میں بطور ویٹر کام کرتا تھا۔

گزشتہ دنوں کچھ لوگ قبائل ریسٹورنٹ کھانا کھانے آئے اور انہوں نے کھانوں کی فہرست طلب کی مگر ان پر لکھی ہوئی قیمتوں سے اختلاف کر کے ویٹر سے جھگڑنے لگے کہ قیمتیں اتنی زیادہ کیوں ہیں۔ویٹر نے نہایت نرمی اور پیار سے انکو سمجھانا چاہا مگر وہ اپنی ضد پر اڑے رہے اور مرتضیٰ سے بد سلوکی کرتے رہے یہاں تک کہ اسے پیٹنے کی دھمکی بھی دی ۔

(جاری ہے)

غریب ویٹر انکی ڈانٹ سن کر چپ رہا ۔

جب یہ لوگ چلے گئے تو مرتضیٰ دلبرداشتہ ہو کر بیٹھ گیا جب ساتھی نے اسکی پریشانی کی وجہ پوچھی تو اس نے بتایا کہ اسکی ایسی توہین زندگی میں کبھی نہیں ہوئی۔یہ کہتے ہی اسکو ناک اور منہ سے خون آنے لگا اور خون کی قے بھی ہوئی۔اسکو ہسپتال لے جانے پر پتہ چلا کہ اسے برین ہیمبرج ہوا ہے جس پر اسے جنرل ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ ایک ہفتہ قومہ میں رہنے کے بعد گزشتہ روز انتقال کر گیا۔اس پوسٹ کے اختتام پر عمر خان نے انتہائی درد دل سے لوگوں سے استدعا کی ہے کہ اگر وہ کھانے یا کسی بات سے متفق نہیں ہیں تو کم از کم بہتر طریقے سے برتاو کریں اور ملازمین کی عزت نفس کا خیال رکھیں۔