صوبائی حکومت تعلیم، صحت، پولیس اور دیگر شعبوں میں عوام کو انصاف کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،پرویزخٹک

منگل 20 فروری 2018 23:20

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت پر تنقید کرنے والے ہمارے سیاسی مخالفین اپنے دور حکومت میںدہشت گردوں سے چھپتے پھرتے تھے۔ ان تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے دور میں کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیئے تھے ۔خود امیر ترین جبکہ عوام کو غریب ترین بنا دیا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے ضلع صوابی کے دورہ کے دوران ٹھنڈ کوئی کے مقام پر شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر، ممبر قومی اسمبلی عاقب الله خان،سینٹ کے اُمیدوار فیصل جاوید اور دیگر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ ۔وزیراعلیٰ نے صوابی کی ترقی کیلئے سپیکر اسد قیصر اور پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کی کوششوں کو سراہا نیز علاقے کیلئے 13 کروڑ روپے کی نئی بجلی سکیموں اور 10 کلومیٹر نئی سڑکوں کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ صوابی میں ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے سوئی گیس فراہمی کے منصوبے پر کام تیز ی سے جاری ہے اور عنقریب اہل صوابی کو سستے ایندھن کی یہ سہولت با آسانی میسر ہو گی ۔

انہوںنے پارٹی میں شمولیت کے بڑھتے ہوئے رجحان کو پی ٹی آئی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نیز صوبائی حکومت کی غریب دوست پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا ۔ انہوںنے کہاکہ 2018 کے عام انتخابات میں تمام سیاسی جماعتیں ایک ہو کر بھی پاکستان تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کر سکتیں ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ترقیاتی کام صوبہ بھر میں جاری ہیں تاہم صوبائی حکومت تعلیم، صحت، پولیس اور دیگر شعبوں میں عوام کو انصاف کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے اور حکومت کی اولین ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ عوام کو معیار ی تعلیم کی سہولیات فراہم کرے مگر ہمارے سیاستدانوں نے ترقی اور خوشحالی کی بنیاد یعنی تعلیمی نظام کو سیاسی مداخلت سے تباہ کیا ۔ہمیں اگر ترقیافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہونا ہے تو تعلیمی نظام کی بہتری کے ذریعے اس ملک کی بنیاد کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے ۔

عوام کو بلا امتیاز معیار ی تعلیم کی یکساں سہولیات دینا ہوں گی ۔ اسی طریقے سے امیر اور غریب کے درمیان فرق ختم ہو سکتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ صوبائی حکومت نے سرکاری سکولوں کا معیار بلند کرنے کیلئے اربوں روپے خرچ کئے ، میرٹ پر 50 ہزار سے زائد اساتذہ بھرتی کئے تاکہ غریب کا بچہ بھی امیر کے ساتھ مقابلے کیلئے تیار ہو سکے ۔وزیراعلیٰ نے شعبہ صحت کی بہتری کیلئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ یہ واحد صوبہ ہے جس کے تمام اضلاع میں سو فیصد ڈاکٹرز موجود ہیں۔

عوام کو ایمرجنسی سروسز اور خطرناک بیماریوں کا علاج مفت فراہم کیا جا رہاہے ۔ نادار اور مستحق خاندانوں کیلئے صحت انصاف کارڈ کا اجراء کیا گیا ہے کیونکہ ہمیں غریب کی فکر ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہم انسانیت پر سرمایہ خرچ کرنے پر یقین رکھتے ہیں ۔ ہم مظلوم انسانیت کی محرومیوں کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں کیونکہ سابق حکمرانوں نے ایس ایم ایس ، ایزی لوڈ اور لوٹ مار کا کلچر متعارف کرایااور اُن کی توجہ اپنی جائیدادیں بنانے پر مرتکز رہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کے خیبرپختونخوا میں کسی میں ہمت نہیں کہ وہ رشوت لے اور عوام سے نا انصافی کرے کیونکہ ہم خود حرام نہیں کھاتے اسلئے حرام خوری کی اجازت بھی نہیں دے سکتے ۔

متعلقہ عنوان :