کوہاٹ بیوٹیفیکیشن پراجیکٹ میں کوالٹی برقرار نہ رکھنے والے کنٹریکٹرز کیخلا ف ایف آئی آر درج ہو گی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرکوہاٹ

منگل 20 فروری 2018 23:20

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرکوہاٹ صاحبزادہ نجیب اللہ نے خبردارکیاہے کہ جو کنٹریکٹر اپ لفٹ اینڈ بیوٹیفیکیشن پراجیکٹ کوہاٹ میںکوالٹی برقرار نہیں رکھے گانہ صرف وہ بلیک لسٹ ہوگا بلکہ اس کے خلاف ایف آئی آربھی درج ہوگی ۔اسی طرح ہر کنٹریکٹر کو موقع پر سائیٹ رجسٹر رکھنا لازمی ہوگا جس میں منصوبے پرروزانہ کی بنیاد پرپیش رفت کی تفصیلات موجود ہوں گی۔

یہ انتباہ انہوں نے منگل کے روز اپنے دفتر میں اپ لفٹ اینڈ بیوٹیفیکیشن پراجیکٹ کوہاٹ پر پیش رفت کا جائز ہ لیتے ہوئے کیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مذکورہ پراجیکٹ کے تحت80کروڑ روپے کی لاگت سے 30منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جنہیں 30اپریل تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس کومزید بتایا گیا کہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیوتقریباً 46کروڑ روپے کی لاگت سے 14منصوبوں،ٹی ایم اے کوہاٹ تقریباً 18کروڑ روپے کی لاگت سی9منصوبوں، محکمہ آبپاشی تقریباًساڑھے 9کروڑ روپے کی لاگت سے 4منصوبوں، کے ڈی اے تقریباً ساڑھے 8کروڑ روپے کی لاگت سے 2منصوبوں اور پختونخوا ہائی وے اتھارٹی تقریباًسوا6کروڑ روپے کی لاگت سے 1منصوبے پر کام جاری ہے۔

صاحبزادہ سمیع اللہ نے کنٹریکٹر ز کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ ہر منصوبے کے لئے ایسا یونیفائیڈسائن بورڈ تیارکریں جس میں منصوبے کی تخمینہ لاگت اورایگزیکیوٹنگ ایجنسی کانام سمیت تمام معلومات درج ہوں۔انہوں نے کہا کہ بیوٹیفیکیشن پراجیکٹ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی ہدایت پر متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کی زیر نگرانی جاری ہے جبکہ محکمہ پی اینڈ ڈی بھی مانیٹرنگ کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش خود اس پراجیکٹ کی مانیٹرنگ کررہے ہیں اور وہ وقتاً فوقتاً دورے بھی کررہے ہیں ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ اس پراجیکٹ کی سکیموں میں ردوبدل،توسیع ،مدت تکمیل یا تخمینہ لاگت میں اضافے کی کوئی گنجائش نہیں اور ہرکنٹریکٹر نے کام کے معیار پر سمجھوتہ کئے بغیر اس کو ہر حال میں وقت مقررہ میں مکمل کرناہے۔