کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کی زیر صدارت اجلاس، ماحول دوست پودے لگائے جائیں،کمشنر کراچی اعجاز احمد خان

منگل 20 فروری 2018 23:07

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء) کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کی زیر صدارت موسم بہار شجر کاری مہم کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا ،جس میں بلدیہ عظمی کراچی ضلعی بلدیات ، کنٹونمنٹ بورڈز، غیر سرکاری تنظیمو ں اور، سول سوسائٹی اورمحکمہ جنگلات نے اپنے اپنے اداروں کی جانب سے شجر کاری مہم میں درخت لگانے کی تفصیلات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس نے فیصلہ کیا کہ محکمہ جنگلات متعلقہ اداروں کو پودے فراہم کرے گا۔ محکمہ جنگلات، بلدیاتی ادارے اور این جی اوز دو لاکھ سے زائد پودے لگائیںگی۔ مہم میں کمشنر کراچی کی جانب سے دس ہزار پودے لگائے جائیں گے ۔کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنر ز کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ اداروں کو رابطہ و تعاون فراہم کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ شجر کاری مہم میں حصہ لینے والے اداروں کو ہر ممکنہ رہنمائی اور سہولت حاصل ہو۔

(جاری ہے)

کمشنر کراچی نے کہا کہ کراچی کو سرسبز بنانے کیلئے متعلقہ ادارے اور سول سوسائٹی بھرپور حصہ لے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کراچی ۔II افشاں رباب سید، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ فاروق صدیقی، تمام ڈپٹی کمشنرز، بلدیہ عظمی، کراچی، ضلعی بلدیات، کنٹونمنٹ بورڈز، محکمہ جنگلات کے افسران، غیر سرکاری تنظیم نیشنل فورم فار اینوائرمنٹ اینڈ ہیلتھ، سیلانی، بوہرہ کمیونٹی کی ماحولیاتی کمیٹی سمیت مختلف تنظیموں کے نمانئندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں متعلقہ اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں نے شہر میں پودے لگانے کے منصوبوں سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ مجموعی طور پر متعلقہ اداروں اور سول سوسائٹی کے اداروں نے اجلاس کو موسم بہارمیں کم ازکم دو لاکھ سے زائد پودے لگانے کی یقین دہانی کرائی۔ محکمہ جنگلات پودے لگانے کی مہم کا سروے کرے گا تاکہ معلوم ہو سکے کہ مجموعی طور پر کتنے پودے لگائے گئے کتنے پودے برقرار رہے۔

مہم میں صرف وہ پودے لگائے جائیں گے جو ماحول دوست ہیں اور صحت کے لئے مفید ہیں کارنوکورپس اور دیگر صحت کے لئے نقصان دہ پودے لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کمشنر نے کہا کہ شہر میں کارنوکارپس پودے لگانے پرپابندی عائد ہے متعلقہ ادارے اور شہری کارنو کارپس پودے لگانے سے گریز کریں۔ کمشنر نے کہا کہ شہر میں بڑھتے ہوئے ماحولیاتی مسائل اور آلودگی کی روک تھام کرنے کے لئے ضروری ہے کہ شجرکاری کو فروغ دیا جائے ماحول دوست درخت لگا ئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں آلودگی کو کم کرنے اور ماحولیات کو بہتر بنانے کے لئے سب کو مل کر کوششیں کر نے کی ضرورت ہے۔فیصلہ کیا گیا کہ مہم میں حصہ لینے والے ادارے ماحول دوست پو دے لگائیں گے اجلاس نے ماحول دوست پودوں کے حوالہ سے نیم,NeemمورنگاMoringa(Drumstick)، گل موہر Gulmohar، املٹاسAmaltas، سکھ چینSukhchayn، اور دیگر ماحول دوست پودوں کی نشاندہی کی گئی ، اجلاس میں درختوں کی دیکھ بھال، اور درختوں کو کاٹنے سے متعلق شکایات کا بھی جائزہ لیا گیا فیصلہ کیا گیا کہ درخت کاٹنے یا انھیں نقصان پہنچانے سے متعلق شکایات کے ازالے اور روک تھام کے لئے ضلعی انتظامیہ اپنے اپنے ضلع میں درخت کاٹنے کے قانون پر مؤثر عملدرآمد کرائے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ضلعی بلدیات کے متعلقہ افسران ، ماحولیات سے متعلق کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیمیں یا شہری درخت کاٹنے کی شکایت کے لئے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر سے رجوع کریں گے اور تحریری شکایت درج کرائیں گے۔

متعلقہ عنوان :