دشمن ہماری معیشت کو ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، احسن اقبال

ہمارے قومی اداروں کے درمیان دراڑیں پیدا کی جارہی ہیں ، ناپاک عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے ، وزیر داخلہ نواز شریف ایک ایسے مخلص لیڈر ہیں جنہوں نے ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا، پاکستان میں امن بحال کیا، پاکستان میں توانائی بحران کو حل کیا، سی پیک کو شروع کیا، گفتگو

منگل 20 فروری 2018 21:31

دشمن ہماری معیشت کو ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، احسن اقبال
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 فروری2018ء) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمن ملک اور اس کی معیشت کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن وہ اپنے ناپاک عزائم میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دشمن ہمارے قومی اداروں کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن انہیں ناکامی کا سامنا کرنے پڑے گا اور سوائے مایوسی کے کچھ بھی حاصل نہیں ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی موثرو کارآمد پالیسیوں کی بدولت پاکستانی معیشت مستحکم ہوئی ہے جس کا اعتراف عالمی اعدادو شمار میں بھی کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کے دشمن تو اوورٹائم لگا کر پاکستانی معیشت کو گرانے کے لیے کام کر رہے ہیں لیکن ہماری روز بروز بہتر ہوتی ہوئی معیشت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملکی معیشت کے استحکام کے لیے مخلص ہے اور دن رات کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف ایک ایسے مخلص لیڈر ہیں جنہوں نے ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا، پاکستان میں امن بحال کیا، پاکستان میں توانائی بحران کو حل کیا، سی پیک کو شروع کیا جبکہ ملکی معیشت کو بھی استحکام محمد نواز شریف ہی کی وجہ سے ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کے ساتھ جتنا بھی جبر کیا جائے گا اس سے ان کی عوامی ہمدردی اور حمایت میں اضافہ ہو گا۔

محمد نواز شریف کی تقریر پر پابندی کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو پوری قوم اسے انتخابات سے قبل دھاندلی تصور کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی توہین اس صورت میں ہوتی ہے جب اس کے فیصلے کو تسلیم نہ کیا جائے لیکن سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے تو عدلیہ کے فیصلے کی سیاہی خشک ہونے سے قبل نہ صرف فیصلے کو تسلیم کیا بلکہ اس پر عملدر آمد بھی کیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہتے ہوئے اپنا کام کرنا چاہیئے کیونکہ ہم جمہوری قوت کی حیثیت سے اس صورت حال کو مذید محاز آرائی اور پیچیدگی سے بچانا چاہتے ہیں کیونکہ اس کا پاکستان کو نقصان ہو گا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر ملکی پارلیمان کو رسوا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو خطرناک ہے۔