Live Updates

کراچی، مسلم لیگ (ف )کے وفد کی تحریک انصاف سندھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات

سینیٹ انتخابات سمیت دیگر سیاسی امور پر تبادلہ خیال

منگل 20 فروری 2018 21:28

کراچی، مسلم لیگ (ف )کے وفد کی تحریک انصاف سندھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 فروری2018ء) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے وفد کی تحریک انصاف سندھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات ،ملاقات میں سینیٹ انتخابات سمیت دیگر سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کا وفد سینیٹر سید مظفر حسین شاہ کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کی رہائش گاہ پر آیا اور پاکستان تحریک انصاف کے وفد سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد ڈاکٹر عارف علوی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سید مظفر شاہ صاحب ایک قابل احترام اور سینیئر سیاستدان ہیں اور میں انکا تہ دل سے مشکور ہوں کہ وہ ہمارے پاس تشریف لائے اور ہماری حمایت کی درخواست کی۔ ہماری اس ملاقات میں ہم نے اپنی بات بھی انکے سامنے رکھی ہے اور انکی بات بھی غور سے سنی ہے، اس ملاقات میں سینیٹ سمیت مستقبل قریب میں عام انتخابات میں تعاون کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی، انشائ اللہ کچھ ملاقاتیں اور ہونگی اور ہم امید کرتے ہیں ہم کسی بہتر نتیجے پہ پہنچ جائینگے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ سینیٹ کے انتخابات کے حوالے سے یہ بہت تکلیف دہ بات ہے کہ ہر جگہ سے یہی بازگشت آرہی ہے کہ پیسے کا بے بہا استعمال ہو رہا ہے، پاکستان تحریک انصاف نے انتخابی اصلاحاتی کمیٹی میں اس بات پر بہت زور دیا کہ ایوانوں میں خواتین، منارٹی، ٹیکنوکریٹس اور دیگر سیٹوں پر لسٹ سسٹم کی طرز پر انتخاب ہونا چاہیئے لیکن افسوس کسی نے بھی ہماری حمایت نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ سننے میں آرہا ہے کہ بلوچستان میں سب سیٹیں خرید لی گئی ہیں اور سندھ کے اندر بھی دس ارب روپے لا کر بولیاں لگائی جارہی ہیں، ہمارے امیدوار ٹیکنوکریٹ کی سیٹ پر انجینیئر نجیب ہارون ہیں جو کہ ہمارے بانی کارکن ہیں، جانے مانے بلڈر ہیں، پڑھے لکھے اور ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے لوگوں میں شامل ہیں اور ہم انکی حمایت حاصل کرنے کیلیئے دوسری پارٹیوں سیبھی کوشش کر رہے ہیں۔

اس موقع پر سینیٹر مظفر شاہ نے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کی طرف سے پاکستان تحریک انصاف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم بات چیت کے اس عمل کو جاری رکھیں گے اور کوشش کریں گے کہ ایوان بالا میں بہتر لوگوں کو لانے میں اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے وفد میں ڈاکٹر عارف علوی سمیت مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری عمران اسماعیل، ایم پی اے خرم شیر زمان، ایم پی اے ڈاکٹر سیما، سینیٹ امیدوار نجیب ہارون، سندھ سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی افتخار سومرو اور نائب چیئرمین ڈسٹرکٹ کاؤنسل ساؤتھ کراچی منصور شیخ بھی موجود تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات