موسم گرما میں کراچی کو پانی کی بہتر و متواتر فراہمی کیلئے واٹربورڈ کا دھابیجی سے کراچی تک جاری گرینڈ آپریشن آخری مراحل میں داخل ہوگیا

بلک لائنوں میں پڑنے والے متعدد شگاف پر اور ناکارہ ہونے والے والوو تبدیل کردیئے گئے

منگل 20 فروری 2018 21:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2018ء) موسم گرما میں کراچی کو پانی کی بہتر و متواتر فراہمی کیلئے واٹربورڈ کا دھابیجی سے کراچی تک جاری گرینڈ آپریشن آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے ،بلک لائنوں میں پڑنے والے متعدد شگاف پر اور ناکارہ ہونے والے والوو تبدیل کردیئے گئے ،دھابیجی اور نارتھ ایسٹ کراچی پمپنگ اسٹیشن پر ٹرانسفارمرز کی مرمت اور تنصیب کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے ،بدھ کی صبح 8 بجے تک کراچی کو معمول کے مطابق پانی کی فراہمی شروع کردی جائے گی ،تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات وچیئرمین واٹربورڈ جام خان شورو اور ایم ڈی واٹربورڈ سید ہاشم رضا زیدی نے واٹربورڈ کے بلک ٹرانسمیشن ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی تھی کہ موسم گرما میں کراچی کو پانی کی فراہمی بہتر بنانے کیلئے بلک لائنوں میں پڑنے والے رساؤ کا خاتمہ کردیا جائے ،خراب والووز کو تبدیل کرکے مرمت کے قابل ٹرانسفارمرز کو درست کیا جائے تاکہ موسم گرما میں فراہمی آب کے نظام میں کسی قسم کا رخنہ پیدا نہ ہوسکے، نیز کراچی کے شہریوں کو پانی کی فراہمی میں بہتری آئے ،ان ہدایات کی روشنی میں واٹربورڈکے بلک ٹرانسمیشن ڈپارٹمنٹ نے گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کیا اور دھابیجی سے کراچی کوپانی کی فراہمی منگل کی صبح 8 بجے جزوی بند کرکے تمام کام 24 گھنٹوں میں مکمل کرنے کا اعلان کیا ،پیر اور منگل کی درمیانی شب ہی بڑی تعداد میں ہیوی مشینری مطلوبہ مقامات پر پہنچادی گئی جبکہ عملے کو علی الصبح طلب کرلیا گیا واٹربورڈ کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز اسد اللہ خان ، چیف انجینئیر بلک ٹرانسمینشن و واٹر ٹرنک مین ڈویژن غلام قادر عباس،سپرنٹنڈنگ انجینئر بلک عبدالرحمن شیخ ،ایس ای دھابیجی انتخاب راجپوت ، ایگزیکٹیو انجینئر محمد ریاض،اظہر قاضی ،لعل محمد سموں ،جمیل انصاری اور دیگر افسران نے اپنی نگرانی میں کام کا آغاز کرایا اور شہر و بیرون شہر جاری کام کے معائنہ کیلئے مختلف مقامات کا دورہ کیا ،واٹربورڈ کے عملے نے گرینڈ آپریشن کے دوران دھابیجی سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 72 انچ قطر کی لائن نمبر دو کی مختلف مقامات پر مرمت کی اور اس میں پیدا ہونے والے متعدد رساؤ کا خاتمہ کردیا گیا ،دھابیجی کی مرکزی لائن میں 700 ایم ایم قطر کے نان ریٹرن والوو نصب کرنے کے ساتھ ساتھ فورتھ فیز میں 5 عدد پریشر ریلیو والوز بھی لگادیئے گئے ہیں ،اس کے ساتھ ساتھ دھابیجی میں خراب ہونے والے ٹرانسفارمر کی مرمت کرکے اسے نصب کردیا گیا ہے ، جبکہ نارتھ ایسٹ کراچی پمپ ہاؤس پر ایک ٹرانسفارمر کی مرمت کردی گئی ہے ، بڑی لائنوں کی صفائی کیلئے غوطہ خوروں کی مدد لی گئی ، کراچی یونیورسٹی کے قریب 84 انچ قطر کی مین پی آر سی سی لائن کی مرمت کی گئی ،گلشن اقبال نذارت کے قریب 84 انچ قطر کی سائفن کے متعدد شگاف پر کئے گئے جبکہ دیگر مرمتی کام تیزی سے جاری ہے ،بدھ کو صبح 8 بجے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو پانی کی فراہمی معمول کے مطابق شروع کردی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :