چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کا جناح اسپتال میں بہتر طبی سہولیات کا اعتراف

چیف جسٹس نے جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو ایک لاکھ روپے انعام کا چیک بھجوادیا

منگل 20 فروری 2018 21:27

چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کا جناح اسپتال میں بہتر طبی سہولیات ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2018ء) چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے کراچی کے جناح اسپتال میں علاج کی بہتر سہولیات فراہم کرنے پر ایک لاکھ روپے انعام دے دیا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کی جانب سے ایک لاکھ روپے انعام کا چیک جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیمی جمالی کو موصول ہوگیا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے اپنے ذاتی اکاوٹنس سے ایک لاکھ روپے کا چیک بھجوایا ہے جسٹس ثاقب نثار نے گذشتہ ہفتہ کی دوپہر جناح اسپتال کے اچانک دورے کے دوران ایمرجنسی، نیوروسرجری، آئی سی یو، اور ریڈیالوجی سمیت مختلف شعبوں کا دورہ کیا تھا اوروہاں فراہم کی جانے والی علاج کی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جناح اسپتال انتظامیہ کے لئے ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا، وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے چیف جسٹس کی جانب سے انعام کا خیر مقدم کرتے ہوئے جناح اسپتال کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔

ناصر حسین شاہ نے جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیمی جمالی کو فون پرمبارکباد دی ۔ سید ناصر شاہ نے ڈاکٹر سیمی جمالی کو یقین دلایا کہ سندھ حکومت جناح اسپتال سے مالی تعاون جاری رکھے گی اور علاج کی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں شانہ بشانہ کھڑی رہیگی۔