سماجی شعبہ کی ترقی میں نجی ادارے فعال کردار ادا کررہے ہیں۔ گورنر سندھ

منگل 20 فروری 2018 21:20

سماجی شعبہ کی ترقی میں نجی ادارے فعال کردار ادا کررہے ہیں۔ گورنر سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ سماجی شعبہ کی ترقی ، تعلیم کے فروغ اور طبی سہولیات کی فراہمی میں نجی ادارے فعال کردار ادا کر رہے ہیں اس ضمن میں روٹری کلب کی خدمات سب کے سامنے ہیں، روٹری کلب تعلیم اور صحت کے شعبہ سمیت مہلک بیماری پولیو کے خاتمہ پر بھرپور توجہ دینے والا سرفہرست ادارہ ہے ، پولیو کے خاتمہ میں روٹری کلب کا کردار قابل تحسین ہے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں روٹری فائونڈیشن کے چیئر مین پال نیزل Mr.Paul Netzel کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات میں کیا۔ وفد میں عزیز میمن ، اویس کوہاری ، عرفان قریشی ، رئیس احمد خان ، سلیم رائو ، علی حفیظ ، شہزاد صابر ، ڈاکٹر منصو ر الحق اور اقبال علاوی سمیت دیگر افراد شامل تھے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ روٹری کلب پورے ملک سے موذی مرض پولیو کے خاتمہ کے لئے بے مثل کردا ر اداکر رہا ہے ، ہر طبقہ فکر ، علما ء کرام ، سیاسی اکابرین اور علاقائی معززین کے ساتھ مل کر پولیو کے خاتمہ کی حکمت عملی کی تیاری روٹری کا زبردست اقدام ہے اس سے ان عناصر کو شکست ہوئی جو پولیو مہم کو ملک و اسلام دشمنی سے تعبیر کر رہے تھے ، تواتر سے جاری مہم سے پورے ملک میں پولیو کے مرض میں نمایاں کمی واقع ہو رہی ہے ، روٹری کلب کے ذریعہ بین الاقوامی سرحد اورعلاقائی داخلی راستوں پر قائم چیک پوسٹوں پر ہر ایک بچہ کو پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں جو اس موذی مرض کے خاتمہ کے لئے معاون ثابت ہو رہا ہے ، روٹری کلب سمیت سماجی شعبہ پر کام کرنے والے دیگر نجی اداروں کے ساتھ حکومت کا تعاون جاری رہے گا، نگراں سیٹ اپ میں بھی پولیو کے خاتمہ کی مہم جاری رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں بھی روٹری کلب کی خدمات قابل ستائش ہیں تعلیم کے فروغ با الخصوص دور دراز کے علاقوں میں بچوں کو تعلیم کی فراہمی میں ادارہ اہم خدمت انجام دے رہا ہے جس سے خواندگی کی شرح میں اضافہ بھی یقینی ہے ، تعلیم سے لوگوں میں شعور اجاگر ہو تا ہے جس سے عام آدمی کا معیار زندگی بھی بلند کرنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سماجی شعبہ میں کام کی مزید گنجائش ہے، لوگوں کی فلاح و بہبو د کے کاموں سے ملکی ترقی و سماجی خوشحالی یقینی ہے ، نجی اداروں کے اقدامات دیگر افراد کے لئے قابل تقلید ہیں ، روٹری کی خدمات کے باعث تعلیم کے فروغ ، طبی سہولیات کی فراہمی اور پولیو کے مرض کے خاتمہ میں مدد مل رہی ہے۔

ملاقات میں چیئر مین نے گورنر سندھ کو بتایا کہ ان کا ادارہ صوبہ میں تعلیم اور صحت کی سہولیات کے دائرہ کار میں مزید توسیع دینے کے لئے بھرپو ر اقدامات یقینی بنا رہا ہے ، پولیو کے مرض کے خاتمہ میں حکومت کا تعاون مثالی رہا ہے ، غربت و جہالت کے خاتمہ اور طبی سہولیات کی فراہمی ایک جذبہ کے تحت کررہے ہیں تاکہ عام آدمی کی مشکلات کو ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں ادارہ کے فعال کردار میں گورنر سندھ کا تعاون اہم ثابت ہو رہا ہے، روٹری کلب حکومت کے تعاون سے مزید عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اٹھاتا رہے گا۔

متعلقہ عنوان :