سرمایہ کاری ، تجارت اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ سے قومی معیشت مستحکم ہو رہی ہے ۔ گورنر سندھ

منگل 20 فروری 2018 21:20

سرمایہ کاری ، تجارت اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ سے قومی معیشت مستحکم ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی اقتصادی شہ رگ کراچی میں سرمایہ کاری ، تجارتی ، کاروباری ، صنعتی اور سماجی سرگرمیوں میں اضافہ سے قومی معیشت مزید مستحکم ہو رہی ہے ، شہر سے بے یقینی کی کیفیت کے خاتمہ کے بعد سرمایہ کاری ، تجارتی ، کاروباری اور سماجی سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ ہورہا ہے ، گذشتہ دو برس سے کراچی میں کوئی ہڑتال یا شٹ ڈائون نہیں ہوا ، پر امن شہر کے باعث غیر ملکی و ملکی سرمایہ کاروں ، صنعت کاروں ، تاجروں اور کاروباری افراد کے اعتما د میں اضافہ ہوا ہے۔

منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں Deutsche Bank کے منیجنگ ڈائریکٹر / کو ہیڈ (Co-Head) Mr.Alasdair Warren سے ملاقات میں کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف کنٹری آفیسر احمد حسن بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سرمایہ کاری ، صنعتی ، تجارتی اور کاروباری سرگرمی ، ترقیاتی کام ، موجودہ صورتحال سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ 2013ء میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب اور بجلی کے سنگین بحران کا سامنا تھا ، امن و امان کی ابتر صورتحال کے باعث سرمایہ کاری ، صنعتی ، تجارتی ، کاروباری اور سماجی سرگرمیاں ماند پڑ چکی تھی جس سے قومی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ، موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی امن و امان کے قیام کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد بلا تفریق و دبائو آپریشن کا آغا ز شروع کیا، امن و امان کے قیام میں فوج ، رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے مثل قربانیاں دیں جسے پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، امن و امان کے قیام اور بجلی بحران کے خاتمہ کے بعد پاکستان خوشحالی کی سمت گامزن ہو چکا ہے ، ہر سیکٹر میں مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں ، غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد بڑھنے سے سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ دیکھا جا رہاہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجلی بحران پر قابو پانے کے لئے شب وروز محنت کی ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ توانائی کے شعبہ میں 30 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے جس میں بوسیدہ ٹرانسمیشن لائنوں کی تبدیلی بھی شامل ہے ، لائنوں کی تبدیلی سے بجلی کے ضیاع پر بہت حد تک قابو پالیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں 1700 کلومیٹر روڈز اور موٹر ویز بنائی گئیں ہیں ، مارکیٹ تک آسان رسائی سے تجارتی، کاروباری اور سماجی سرگرمیوں میں اضافہ ہورہاہے جبکہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری مسلسل بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سی پیک منصوبہ ہے ، پاکستان کے تابناک مستقبل کے پیش نظر غیر ملکی سرمایہ کار ترجیحی بنیادوں پر سرمایہ کاری میں حصہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان ماضی سے بالکل برعکس ترقی اور خوشحالی کی سمت گامزن ہے ،لوگوں کو روزگار کے مواقع دستیاب ہو رہے ہیں جس سے غربت کے خاتمہ میں مدد مل رہی ہے، ملکی ترقی میں تمام اسٹیک ہولڈرز کا تعاون موجودہ حکومت کے ساتھ ہے ہر ایک ملکی ترقی و خوشحالی کا متمنی و خواہاں ہے جو کہ خوش آئند ہے۔ ملاقات میں Mr.Alasdair Warrenنے گورنر سندھ کو بتایا کہ پاکستان کی خوشحالی و ترقی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچنے سے روشن مستقبل کا خواب سرمندہ تعمیر کیا جاسکتا ہے، سرمایہ کاری کے لحاظ سے پاکستان با الخصوص کراچی اپنی استعداد کے لحاظ سے پر کشش اہمیت کا حامل شہر ہے، امن و امان کے قیام غیر ملکی سرمایہ کاری، صنعتی فعالیت ، تجارتی و کاروباری میں سرگرمیوں میں اضافہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ سرمایہ کاروں، صنعت کاروں اور کاروباری افراد کے اعتماد میں واضح اعتماد بڑھا ہے جو کہ خو ش آئند ہے، خطہ میں پاکستان کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں، ترقی یافتہ پاکستان خطہ کے وسیع تر مفاد میں ہے۔

متعلقہ عنوان :