گزشتہ چار برسوں میں سکون سے حکومت نہیں کرنے دی گئی، ایسا پہلی بار نہیں ہوا، 2018 ء کا الیکشن ہمارے سامنے ہے ، نواز شریف چند دنوں تک سنٹرل ورکنگ کمیٹی کااجلاس بلائیں گے جس میں آئندہ انتخابات کیلئے بورڈ اور سیل تشکیل دئیے جائیں گے، شریف پارٹی کے سپریم لیڈر ہیں‘ ون وے پروپیگنڈہ کرنے والوں کا بھی احتساب ہونا چاہئے،وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی میڈیا سے گفتگو

منگل 20 فروری 2018 21:18

گزشتہ چار برسوں میں سکون سے حکومت نہیں کرنے دی گئی، ایسا پہلی بار نہیں ..
لاہور۔20 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ گزشتہ ساڑھے چار برسوں میں سکون سے حکومت نہیں کرنے دی گئی لیکن پہلی بار ایسا نہیں ہوا، 2018کا الیکشن ہمارے سامنے ہے اور الیکشن کی طرف بڑھ ر ہے ہیں،سابق وزیر اعظم نواز شریف چند دنوں تک سنٹرل ورکنگ کمیٹی کااجلاس بلائیں گے جس میں آئندہ انتخابات کیلئے بورڈ اور سیل بھی تشکیل دئیے جائیں گے،نواز شریف پارٹی کے سپریم لیڈر ہیں ‘ ون وے پروپیگنڈہ کرنے والوں کا بھی احتساب ہونا چاہئیے ‘وہ منگل کے روز رائیونڈ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے،خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سپریم کورٹ کے خلاف کبھی کوئی بات نہیں کی بلکہ فیصلوں پر بات کی جن پر رائے دینے کا حق حاصل ہے ‘اسی طرح اگر ہمار ے ساتھ کوئی نا انصافی ہوئی ہے تو ہم اپنا موقف بیان کر سکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ اگرایسے ریمارکس دیے جائیں گے جو اخلاقی طورپر جائز نہیں تو اس پر شکوہ شکایت تو کرسکتے ہیں،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور پارلیمنٹ میں جنگ نہیں ہو گی،عدلیہ کا احترام کرتے ہیں لیکن پارلیمنٹ کا احترام بھی ہونا چاہئیے،ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ ،فرانس یا برطانیہ نہیں یہاں بار بار مارشل لاء لگایا گیا اور اسکی مثالیں یہاں دی جائیں بلکہ پاکستان پاکستان ہے ، یہاں مصلحت کرنے کی بار بار کوشش کی گئی ہے ، بعض لوگ ہمیں اخلاقیات کا درس دینے کی کوشش کرتے ہیں لیکن پاکستان کی ایک افسوسناک تاریخ ہے جہاں ایسے فیصلے کیے گئے کہ وزیر اعظم کو پھانسی پر چڑھایا گیا اور ڈکٹیٹر سے آج تک کوئی پوچھنے والا نہیں ،نظریہ ضرورت کے فیصلوں پر بھی نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ون وے پروپیگنڈہ کرنے والوں کا بھی احتساب ہونا چاہئیے ‘خواجہ سعد رفیق نے ایک سوال پر کہا کہ حمزہ شہباز دس گیارہ سال سے جماعت کیلئے خدمات ادا کرر ہے ہیں جبکہ مریم نواز کا بھی پارٹی کیلئے کردار اہم ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نواز شریف بڑے عرصے سے ہدف بنے ہوئے ہیں اور گزشتہ ساڑھے چار برسوں کے دوران انہیں سکون سے حکومت نہیں کرنے دی گئی ،90سے پاکستان میں ہر منتخب وزیر اعظم ٹارگٹ رہا ہے اور جو مضبوط قیادتیں ہیں ان کو مائنس کرنے کی بات نئی نہیں،نواز شریف سپریم لیڈر ہیں، انہیں سیاست سے نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ان کے ساتھ اتنا کچھ ہوچکا ہے کہ اب پکے ہوگئے ہیں،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ہم سب نے مل کر چلانا ہے اور ہماری یہ مشترکہ ذمہ داری ہے ، جمہوریت کا تحفظ بھی صرف پارلیمنٹ کی ذمہ داری نہیں بلکہ سب کی ذمہ داری ہے ۔