’’سٹوڈنٹ ٹائمز‘‘ کا پہلا شمارہ 23مارچ کو شائع ہو گا، افتتاحی تقریب 15مارچ کو ہوگی ،رانا مشہود

منگل 20 فروری 2018 21:13

’’سٹوڈنٹ ٹائمز‘‘ کا پہلا شمارہ 23مارچ کو شائع ہو گا، افتتاحی تقریب ..
لاہور۔20 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاںنے کہا ہے کہ’ ’سٹوڈنٹ ٹائمز‘‘ محکمہ سکولز ایجوکیشن کی جانب سے سکولوں کے بچوں کیلئے پہلا میگزین ہے،’’سٹوڈنٹ ٹائمز‘‘ کا پہلا شمارہ 23مارچ کے تاریخی موقع پر شائع ہو گاجبکہ افتتاحی تقریب 15مارچ کو ایوان اقبال میں منعقد ہوگی، میگزین کے ذریعے طلباء و طالبات میں صحت مند تعلیمی سرگرمیوں کا رجحان تقویت پائے گااور اُنکی تخلیقی صلاحیتوں کو جِلا ملے گی۔

یہ باتیں انہوں نے پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کے آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایم ڈی پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ رانا عبدالقیوم کی جانب سے صوبائی وزیر کو 23مارچ سے سکولوں کے بچوں کیلئے ’’سٹوڈنٹ ٹائمز ‘‘کے نام سے جاری ہونے والے ماہانہ میگزین سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محکمہ سکولز ایجوکیشن سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں اور پبلک لائبریریوں کے لئے شائع کیا جانے والا یہ میگزین طلبا و طالبات ، اساتذہ اور والدین کی تحریروں پر مبنی ہوگا۔ پنجاب کے سرکاری سکولوں میں چھٹی کلاس سے انٹرمیڈیٹ تک بہترین لکھاری سٹوڈنٹس کواس میگزین کا ایمبیسڈر مقرر کیا جائے گا۔ محکمہ سکولز ایجوکیشن کی جانب سے پرنٹنگ کے ساتھ ساتھ یہ میگزین ویب پورٹل پر بھی اپ لوڈ کیا جائے گا۔

ویب پورٹل پر سکول میگزین کے ایمبیسڈرز کی تصاویر بھی اپ لوڈ کی جائیں گی۔صوبائی وزیر نے تمام سرکاری سکولوں میں میگزین کمیٹیوں کی تشکیل کی ہدایت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بہترین لکھاری طلباء و طالبات کو محکمہ سکولز ایجوکیشن کی جانب سے تعریفی سرٹیفکیٹس جاری کئے جائیں گے جس سے ان کی حوصلہ افزائی ہو گی اور لکھنے کا شوق رجحان پائے گا۔

قبل ازیں وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی ہدایت پر سکولوں اور ہائر ایجوکیشن کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں غیر منظور شدہ کتب و امدادی مواد میں نفرت انگیز و غیر اخلاقی مواد کی نشاندہی اور قانونی کارروائی کیلئے وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں کی زیر صدارت قائم کردہ خصوصی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری سکولز رانا حسن اختراور ایم ڈی پنجاب کریکلم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈعبدالقیوم کے علاوہ ہائر ایجوکیشن، پولیس، پراسیکیوشن ، قانون، ایف آئی اے اوراطلاعات و ثقافت سمیت مختلف محکموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر رانا مشہود نے کہا کہ پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈکے محکمانہ این او سی کے بغیر کوئی امدادی کتاب بازار میں فروخت کیلئے پیش نہیں کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی اہمیت کے پیش نظر متعلقہ محکمے آئندہ بیس یوم میں ایک متفقہ روڈ میپ طے کر کے منظم اندا ز میں آگے بڑھیں ۔ انہوں نے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی کہ یہ کمیٹی محکمہ سکول اور ہائر ایجوکیشن کے تعلیمی اداروں میں استعمال ہونے والی تمام کتب کا جائزہ لے گی۔انہوں نے قابل اعتراض کتب کی اشاعت کے خلاف فوری کارروائی کیلئے اقدامات کی ہدایت بھی کی۔

متعلقہ عنوان :