بے نظیر بھٹو قتل کیس،ایف آئی اے مشرف کے زیر استعمال پروونشل کوآپریٹو بنک لمیٹڈ کے اکائونٹس کی تفصیلات جمع کرا دیں

باقی4بنک اکائونٹس کی تفصیلات جمع کرانے کے لئے مزید مہلت طلب عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 20مارچ تک ملتوی کر دی

منگل 20 فروری 2018 20:23

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 فروری2018ء) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نمبر1کے جج محمد اصغر خان کے روبروبے نظیر بھٹو قتل کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای)نے سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف کے زیر استعمال پروونشل کوآپریٹو بنک لمیٹڈ کے اکائونٹس کی تفصیلات جمع کرا دی ہیں جبکہ باقی4بنک اکائونٹس کی تفصیلات جمع کرانے کے لئے مزید مہلت طلب کر لی ہے جس پر عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 20مارچ تک ملتوی کر دی ہے اور ایف آئی اے کو ہدائیت کی ہے کہ آئندہ تاریخ پر تمام بنک اکائونٹس کی تفصیلات جمع کرائیں منگل کے روز سماعت کے موقع پر ایف آئی ای(سی ٹی ڈبلیو ونگ)کے انسپکٹر عظمت علی نے پروونشل کوآپریٹو بنک لمیٹڈ کے اکائونٹس کی تفصیلات عدالت میں پیش کیں اس موقع پر انسپکٹر نے موقف اختیار کیا کہ دبئی اسلامی بنک، نیشنل بنک، حبیب بنک اور حبیب میٹرو بنک کی انتظامیہ کی جانب سے تاحال تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں لہٰذا ان 4بنکوں کی تفصیلات کے حصول کے لئے مزید مہلت دی جائے جس پر عدالت نے سماعت20جنوری تک ملتوی کر دی یاد رہے کہ31اگست2017کو بے نظیر قتل کیس کے فیصلے میں عدالت نے پرویز مشرف کو عدالت سے روپوشی اور دانستہ عدم حاضری پر اشتہاری قرار دیتے ہوئے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے ساتھ پرویز مشرف کی تمام منقولہ و غیر منقولہ جائیدا ضبط کرنے کا بھی حکم دیاتھا یہان یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ قبل ازیں گزشتہ سال 23دسمبر کو ایف آئی اے پرویز مشرف کی جائیداد سے متعلق جزوی فہرست عدالت میں پہلے ہی جمع کرا چکی ہے ۔