صوابی ،عالم آباد کے نام سے ایک ویلفیئر پروجیکٹ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کا انعقاد

وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور ائیر چیف سہیل امان نے منصوبے کی تختی کی نقاب کشائی کی

منگل 20 فروری 2018 20:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء) صوابی کے قریب پاک فضائیہ اور راشد میموریل ویلفئیر آرگنائزیشن کے باہمی اشتراک سے عالم آباد کے نام سے ایک ویلفیئر پروجیکٹ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ یہ عظیم منصوبہ خیبر پختونخوا کے لوگوں کے لئے بالعموم اور صوابی کی مقامی آبادی کی فلاح وبہبود کے لئے بالخصو ص بنایا گیا ہے۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا ، پرویز خٹک اور پاک فضائیہ کے سربرا ہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے اس شاندار منصوبے کی تختی کی نقاب کشائی کی۔یہ منصوبہ پاک فضائیہ اور راشد میموریل ویلفئیر آرگنائزیشن کے اس وژن کے مطابق ہے جس کے ذریعے پورے ملک کے پسماندہ علاقوں میںماڈل ویلیجز کا قیام ہے تاکہ وہاں ضرورت مند دیہی آبادی کو تمام ضروری وسائل ایک ہی جگہ دستیاب ہو سکیں۔

(جاری ہے)

اس طرح کا ایک کامیاب منصوبہ حیدر آباد کے نزدیک راشد آباد کے نام سے قائم ہے جو کہ سندھ کی مقامی آبادی کی خدمت میں پیش پیش ہے ۔ صوابی انٹر جینج کے نزدیک واقع عالم آباد ، پاک فضائیہ کے عظیم فائٹر پائلٹ ایئر کموڈور ایم ایم عالم(مرحوم ) کے نام پر رکھا گیا ہے۔ یہ منصوبہ تعلیمی ،ووکیشنل اور صحت کے مراکز پر مشتمل ہو گا جس کا مقصداس کے قریبی مقامی علاقوں سے غربت اور جہالت کا خاتمہ ہے ۔

اسی طرح کا ایک منصوبہ پاک فضائیہ اور راشد میموریل ویلفئیر آرگنائزیشن کے باہمی اشتراک سے کوئٹہ کے نزدیک یونس آباد کے نام سے قائم کیا جا رہا ہے۔ ائیر کموڈور(ریٹائرڈ) شبیر احمد صدر راشد میموریل ویلفئیر آرگنائزیشن نے اپنی تقریر میں راشد آباد ماڈل کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ ائیر مارشل (ریٹائرڈ) قاضی جاوید چیف ایگزیکٹو راشد میموریل ویلفئیر آرگنائزیشن نے اپنی تقریر میں عالم آباد منصوبے کی چیدہ چیدہ خصوصیات بیان کیں۔

مرحوم ایم ایم عالم کی بہن بیگم نوشابہ وہاب نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور 1965کی جنگ کے عظیم ہیرو کو خراجِ تحسین پیش کرنے پر پاک فضائیہ اور خیبر پختونخوا کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ پاک فضائیہ ملک کی فضائی سرحدوں کو ناقابل تسخیر بنانے کے علاوہ تعمیر ملت کے پروگراموں میں بھی اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے۔

اس تناظر میں پاک فضائیہ نے ملکی ترقی کے لیے فلاح و بہبود کے لیے بہترین تعلیمی ادارے ، اعلی ووکیشنل ٹریننگ سنٹرز کے کئی منصوبے شروع کیے ہیں۔ پاک فضائیہ کے ریٹائرڈ افسران کا منصوبہ راشد آباد بلاشبہ ایک معجزہ ہے اور یہ ایک ایسی شمع ہے جس کی روشنی جلد ہی پورے ملک کو منور کر دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالم آباد پاک فضائیہ کے ایک عظیم جنگجو پائلٹ ائیر کموڈور ایم ایم عالم (مرحوم) کے نام پر رکھا گیا ہے۔

پاک فضائیہ اپنے منصوبے کی کامیابی کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ مجھے پوری امید ہے کہ یہ منصوبہ اس علاقے کے لوگوں کو با عزت روز گار فراہم کرنے کے علاوہ اس کی ترقی اور خوشحالی میں بھی معاون ثابت ہو گا۔ اس موقع پر دو ڈاکیومنٹریز دیکھائی گئیں پہلی ایم ایم عالم کی زندگی پر مبنی تھی جبکہ دوسری میںاندرونِ سندھ میں قائم راشد آباد ویلفیئر منصوبے پر روشنی ڈالی گئی۔ صوبائی وزراء، صوبائی اسمبلی کے ممبران اور اعلیٰ سول و دفاعی افسران نے اس تقریب میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :