کسی اور کی جنگ پاکستانی سر زمین پر نہیں لڑ سکتے ،ْ پاکستان

افغانستان کے معاملے پر پاکستان اور روس ہم خیال ہیں ،ْ وزیر خارجہ خواجہ آصف پاکستان تمام شعبوں میں روس کے ساتھ تعلقات بڑھانے کے خواہاں ہے ،ْ روسی وزیر خارجہ کے ہمراہ گفتگو

منگل 20 فروری 2018 19:58

کسی اور کی جنگ پاکستانی سر زمین پر نہیں لڑ سکتے ،ْ پاکستان
ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2018ء) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہاہے کہ کسی اور کی جنگ پاکستانی سر زمین پر نہیں لڑ سکتے ،ْافغانستان کے معاملے پر پاکستان اور روس ہم خیال ہیں ،ْ پاکستان تمام شعبوں میں روس کے ساتھ تعلقات بڑھانے کے خواہاں ہے ۔ماسکو میں اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاروف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں خواجہ محمد آصف نے کہا کہ کسی اور کی جنگ پاکستانی سر زمین پر نہیں لڑ سکتے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں اس وقت تکلیف دہ صورتحال ہے اور وہاں داعش کے بڑھتے ہوئے اثرو رسوخ، منشیات سے دہشت گردوں کو رقوم کی فراہمی پر تشویش ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کے مسئلے کا فوجی حل ممکن نہیں ہے بلکہ اس مسئلے کا حل صرف مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت زیادہ نقصان اٹھایا جب کہ عالمی امن میں روس کا اہم کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ داعش کے خاتمے کے لیے روس اہم کردار ادا کر رہا ہے اور پاکستان روس کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانا چاہتا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کے معاملے پر پاکستان اور روس ہم خیال ہیں ،ْ پاکستان تمام شعبوں میں روس کے ساتھ تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے۔

خواجہ آصف نے افغانستان میں داعش کی موجودگی کو ہمسایہ ملکوں کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں موجود دہشتگرد پاکستان اور روس دونوں کیلئے خطرہ ہیں۔روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا کہ امریکی افواج کی موجودگی میں داعش کا قدم جمانا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔ امریکا افغانستان میں دہشت گردی اور منشیات کی روک تھام میں ناکام ہو گیا ہے۔ انہوں نے ایسے بغیر نشان کے ہیلی کاپٹرز کا ذکر بھی کیا جو دہشتگردوں کے علاقوں میں آتے جاتے رہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :