میر ہزار خان بجارانی اور انکی اہلیہ کی خودکشی کے حوالے سے اہم ترین حقائق منظر عام پر آگئے

میر ہزار خان بجارانی اور انکی اہلیہ فریحہ میں سینیٹ ٹکٹ پر جھگڑا بڑھا، جھگڑے کا اختتام فریحہ رزاق کے قتل پر ہوا ، فریحہ کو قتل کرنے کے آدھے گھنٹے بعد میر ہزار خان بجارانی نے خود کشی کر لی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 20 فروری 2018 19:43

میر ہزار خان بجارانی اور انکی اہلیہ کی خودکشی کے حوالے سے اہم ترین حقائق ..
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 20 فروری 2018ء ):میر ہزار خان بجارانی اور انکی اہلیہ کی خودکشی کے حوالے سے اہم ترین حقائق منظر عام پر آگئے۔ذرائع کے مطابق میر ہزار خان بجارانی اور انکی اہلیہ فریحہ میں سینیٹ ٹکٹ پر جھگڑا بڑھا جس کا اختتام فریحہ رزاق کے قتل پر ہوا۔ فریحہ کو قتل کرنے کے آدھے گھنٹے تک میر ہزار خان بجارانی نے سوچا اور پھر خود کشی کر لی۔

تفصیلات کے مطابق یکم فروری کو میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ کی لاشیں ڈیفنس میں ان کی رہائش گاہ سے ملیں، کمرے کا دروازہ توڑ کر لاشیں برآمد کی گئیں تھیں۔ملازمین کے مطابق انکے کمرے سے فائر کی آواز آئی تھی۔ دونوں کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ صوبائی وزیر میرا ہزار خان بجارانی کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے اور ان کا شمار پارٹی کے سینئیر رہنماؤں میں ہوتا تھا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر اور انکی اہلیہ کی پر اسرار موت پر چہ میگوئیاں جاری تھیں جبکہ پولیس کی تفتیش میں حیران کن حقائق منظر عام پر آ گئے۔ تفتیش میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی اور اہلیہ فریحہ رزاق کے درمیان ساری رات جگھڑا ہوا۔ صبح سات بجے فائرنگ ہوئی۔ پہلے چار پانچ فائر ہوئے تو ڈیوٹی پر مامور اہلکار نے پوزیشن سنبھالی۔میر ہزار خان نے فریحہ رزاق کو قتل کرنے کے بعد تقریبا آدھے گھنٹے تک سوچا اور پھر خود کو گولی مارلی۔ ملازمین سے تفتیش میں پتہ چلا کہ واقعے کی رات فریحہ نے سینیٹ ٹکٹ کے معاملے پر سخت جھگڑا کیا۔ ملازم جب کھانا لے کر کمرے میں گئے تو میر ہزار خان فریحہ کو منانے کی کوشش کر رہے تھے لیکن ناکام رہے اور انہوں نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔