ڈی ویلیئرز اور ڈی کوک کی آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شرکت متوقع، ڈوپلیسی، سٹین اور باووما کی شرکت تاحال مشکوک

منگل 20 فروری 2018 19:48

ڈی ویلیئرز اور ڈی کوک کی آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شرکت متوقع، ..
کیپ ٹائون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 فروری2018ء) سٹار بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز اور وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک کی آسٹریلیا کے خلاف شیڈول ٹیسٹ سیریز میں شرکت متوقع ہے، کپتان فاف ڈوپلیسی، فاسٹ بائولر ڈیل سٹین اور ٹیمبا باووما کی فٹنس مسائل کے باعث شرکت تاحال غیریقینی صورتحال کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز یکم مارج سے ہو گا، سیریز سے قبل پروٹیز ٹیم کو انجریز نے گھیر لیا ہے اور اس کے پانچ مستند کھلاڑی فٹنس مسائل سے دوچار ہیں جن میں کپتان فاف ڈوپلیسی، اے بی ڈی ویلیئرز، ڈیل سٹین، ڈی کوک اور ٹیمبا باووما شامل ہیں، ڈوپلیسی اور باووما انگلی، ویلیئرز گھٹنے، ڈی کوک کلائی اور سٹین پائوں کی انجریز کا شکار ہیں، جنوبی افریقن ٹیم کے مینجر اور ڈاکٹر محمد موسی جی کے مطابق ہمیں یقین ہے کہ ویلیئرز اور کوک پہلے ٹیسٹ سے قبل سو فیصد فٹ ہو جائیں گے تاہم ڈوپلیسی اور باووما کے بارے ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا لیکن ہم ٹیسٹ سیریز ایک یا دو روز قبل ان کھلاڑیوں کی پہلے ٹیسٹ میں دستیابی کے بارے حتمی فیصلہ کریں گے، سٹین کی بحالی کا عمل سست ہے اسلئے ان کی پہلے دو ٹیسٹ میچز میں شرکت کا کوئی امکان نہیں ہے البتہ ہمیں امید ہے کہ وہ تیسرے ٹیسٹ کیلئے ہو سکتا ہے فٹ ہو جائیں۔

متعلقہ عنوان :