لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت اور فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں،بابر یوسفزئی

ہمسایہ ممالک سے برادرانہ تعلقات چاہتے ہیں ،پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو بھرپور جواب دیا جائے ،رہنماء پی ٹی آئی بلوچستان

منگل 20 فروری 2018 19:33

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2018ء) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت اور فائرنگ قابل مذمت اور شرمناک عمل ہے بھارت جنگی جنون کے ذریعے خطے میں انتشار پھیلانا چاہتا ہے اسی لئے روزانہ لائن آف کنٹرول پر بلاجواز فائرنگ کرکے معصوم پاکستانیوں کو شہید کررہا ہے پاکستان تحریک انصاف بھارت کے اس عمل کی شدید مذمت کرتی ہے لیکن بھارت کو یہ پتا ہونا چاہئے کہ پاکستانی ایک خوددار قوم ہے اگر بھارت کی جانب سے جارحیت نہیں روکی گئی تو پاکستانی افواج کو چاہیے کہ بھارت کو بھرپور جواب دیا جائے کسی بھی ملک کو پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے پوری پاکستانی قوم اپنی افواج اور اداروں کے شانہ بشانہ ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے چیئرمین عمران خان بارہا کہہ چکے ہیں کہ ہم ایسی خارجہ پالیسی بنائیں گے جس سے پاکستان کی طرف کسی کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں ہوگی بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان میں بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کریں گی آنے والے چند دنوں میں بلوچستان کے مختلف اضلاع میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا 24 فروری کو سبی میں عوامی جلسے سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے اور انشاء اللہ بلوچستان میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔