بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے تیار کردہ سسٹم کے تحت ساڑھے سات ہزار شکایات موصول ہوئیں، پی آئی ٹی بی

منگل 20 فروری 2018 19:27

لاہور۔20 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء)پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ پی آئی ٹی بی نے اور سیز پاکستانی کمیشن کے اشتراک سے آن لائن پورٹل کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مختلف شعبوں میں پیش آنے والی شکایات کے اندراج کا نظام کامیابی سے کام کر رہا ہے، اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک 7,814 شکایات درج کی گئی جن میں سے 3,579 شکایات کا ازالہ کیا گیا جبکہ 132 شکایات مسترد کی گئیں، گزشتہ روزیہاں جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ آن لائن پورٹل کا مقصد کام کے بوجھ کو کم کرنا ہے جس نے شکایات کے اندراج کے نظام کو آسان بنایا ہے، مشرق وسطیٰ ممالک جہاں پاکستانی مزدوروں کو آن لائن پورٹل تک رسائی حاصل نہیں، وہاں ان کو ایک ہیلپ لائن (+92-42-111-672-672) پر کال کر کے شکایات کے اندراج کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اور سیز پاکستانی کمیشن کا نمائندہ سسٹم میں فراہم کردہ معلومات کا اندراج کرتاہے، اس نظام کے تحت اب بیرون ملک مقیم پاکستانی ویب سائٹ پر زمینی تنازعات، ایئرلائن سے متعلق مسائل، مجرمانہ مقدمات، مالی تنازعہ اور معاشرتی مسائل سے متعلق شکایات کو پاکستان آئے بغیر درج کروا سکتے ہیں، اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ دو ہفتوں میں اوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی 93.3 ملین روپے مالیت کی 17 جائیدادوں کو قبضہ گروپوں سے لے کر اصل مالکان کو واپس کر دیں جبکہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی محمد شعیب کو 142 ملین روپے کی رقم واپس دلائی گئی۔