وزارت خزانہ، ریونیو و اقتصادی امور کی جاپان کی جانب سے سستا قرضہ فراہم کرنے کی پیشکش کو مسترد کرنے سے متعلق خبر کی تردید

منگل 20 فروری 2018 19:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء) وزارت خزانہ، ریونیو و اقتصادی امور نے جاپان کی جانب سے سستا قرضہ فراہم کرنے کی پیشکش کو مسترد کرنے سے متعلق شائع ہونے والی ایک خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاثر درست نہیں ہے۔ منگل کو جاری ایک وضاحتی بیان میں وزارت کے ترجمان نے کہا کہ اس طرح کی منفی رپورٹنگ پاکستان کیلئے معاونت بڑھانے کے خواہاں ہمارے دوطرفہ شراکت داری کی حوصلہ شکنی کا باعث بنے گی۔

ترجمان نے کہا کہ جاپان گذشتہ 6 دہائیوں سے زائد عرصہ سے پاکستان کے بڑے ترقیاتی پارٹنرز میں شامل ہے۔ پاکستان جاپان کی جانب سے قرضے، گرانٹ اور تکنیکی معاونت کی صورت میں اقتصادی امداد کی بڑی قدر کرتا ہے، اس وقت تعلیم، صحت، توانائی، انفراسٹرکچر، ماحولیات، سکیورٹی اور پانی کے شعبوں میں 20 سے زائد ایسے منصوبے ہیں جن کیلئے قرضے اور گرانٹس حکومت جاپان کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ حکومت پاکستان جاپان کے ساتھ ترقیاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہاں ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کیلئے جاپان۔پاکستان اعلیٰ سطحی پالیسی ڈائیلاگ 15 فروری کو طے تھا۔ اس حوالہ سے تیاریوں کیلئے بین الوزارتی اجلاس بھی منعقد کئے گئے جن میں پرائم منسٹر کے سینئر افسر نے بھی شرکت کی۔ ترجمان نے کہا کہ جاپانی وفد کے سربراہ کی فیملی میں ایمرجنسی کی وجہ سے ڈائیلاگ ملتوی ہوا ہے۔ اس حوالہ سے نئی تاریخوں کا اعلان باہمی اتفاق رائے سے کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :