یتیم بچے کی کفالت اور اسے تعلیم دینا بہترین عمل ہے‘ ڈاکٹر حسین محی الدین

ڈاکٹر طاہر القادری نے بے سہارا بچوں کیلئے ادارہ’’ آغوش‘‘ قائم کیا‘خرم نواز گنڈا پور

منگل 20 فروری 2018 18:43

یتیم بچے کی کفالت اور اسے تعلیم دینا بہترین عمل ہے‘ ڈاکٹر حسین محی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2018ء) منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ بے سہارا بچوں کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے سوسائٹی میں تشدد اور انتشار بڑھ گیا ،اللہ کے رسول ؐنے بھی یتیم بچے کی کفالت اور تعلیم و تربیت کو بہترین عمل قرار دیا ہے ،اللہ کی نعمتوں کے اظہار کا بہترین ذریعہ اور عبادت یتیموں کی دیکھ بھال ہے ۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے آرفن ہوم’’آغوش‘‘ کے زیر اہتمام ’’ قائد ڈے‘‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ۔اس موقع پر ڈائریکٹر آغوش ڈاکٹر نعیم مشتاق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منہاج القرآن کے زیر اہتمام قائم آرفن ہوم ’’آغوش‘‘ میں سینکڑوں بے سہارا بچوں کو اعلیٰ تعلیم یافتہ سٹاف، تعلیمی ،تربیتی،رہائشی سہولتیں فراہم کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے 2005 کے آزاد کشمیر اور شمالی علاقہ جات آنے والے زلزلے میں یتیم ہونیوالے بچوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت کیلئے آغوش قائم کیا تھا جس میں آج چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے پسماندہ علاقوں کے غریب اور بے سہارا بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں،ان یتیم بچوں کو ادارہ ’’آغوش‘‘ گرائمر سکولوں کے معیار کی تعلیم فراہم کر رہا ہے۔

تقریب میں عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور،عالمی شہرت یافتہ نقیب تسلیم صابری ، معروف نعت خوان شہباز قمرفریدی ،کرنل(ر) محمد مبشر، جی ایم ملک،سید امجد علی شاہ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی،فرح ناز، شاہد لطیف، عمران بٹ، محمد عامر،رانا محمد فاروق اور ادارہ آغوش کے اساتذہ اور ذمہ داران نے شرکت کی،اس موقع پر ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 67 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا اور سوسائٹی کے بے سہارا بچوں کیلئے آغوش جیسے عظیم ادارے قائم کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ آغوش لاہور کے بعد کراچی،سیالکوٹ میں بھی بن چکے ہیں اور اسکا دائرہ پاکستان کے تمام بڑے شہروں تک بڑھائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ نبی ﷺ نے فرمایا ’’جس شخص نے دو بچیوں کی بلوغت تک پرورش کی قیامت کے دن میں اور وہ اس طرح اکٹھے آئیں گے یہ فرماتے ہوئے آپ ﷺ نے اپنی دو انگلیوں کو ملا دیا۔ایک اور موقع پر آپ ﷺ نے فرمایا’’مسلمانوں میں بہترین گھر وہ ہے جس میں کوئی یتیم ہو اور اسکے ساتھ نیک سلوک کیا جاتا ہو اور مسلمانوں میں سب سے بد ترین گھر وہ ہے جس میں کوئی یتیم ہو اور اسکے ساتھ برا سلوک کیا جاتا ہو۔

ادارہ آغوش کے بچوں نے اس موقع پر ملی نغمے ،نعتیہ کلام اور قوالی پیش کر کے بے پناہ داد وصول کی۔سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے اپنے خطاب میں کہاکہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے بچپن میں ہی اپنے مستقبل کے اہداف اور نصب العین طے کر لیا تھا اور وہ اسی نصب العین کے اوپر زندگی کا ہر دن گزار رہے ہیں۔