باجوڑ ایجنسی ،طالب علم قتل کیخلاف ہزاروں افرائاد کا احتجاجی مظاہرہ

منگل 20 فروری 2018 18:38

باجوڑایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2018ء) باجوڑ ایجنسی میں طالب علم قتل کیخلاف ہزاروں افراد کا احتجاجی مظاہرہ ۔ کراچی میں قتل کیے جانے والے طالب علم احمد شاہ کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف باجوڑ ایجنسی میں عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ ہزاروں افراد کی شرکت ۔ قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ ۔ گذشتہ روز باجوڑ سے تعلق رکھنے والے احمد شاہ کو نامعلوم افراد نے اغوا کرنے کے بعد قتل کرکے لاش پھینک دی تھی۔

عنایت کلے بازار میں باجوڑ ایجنسی کے ہزاروں افراد نے احتجاج مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں ایجنسی کے تمام سیاسی اور سماجی تنظیموں کے قائدین شریک تھے۔ احتجاج کے دوران عنایت کلے بازار کی دکانیں اور سڑکیں مکمل طور پر بند تھیں۔ احتجاج کی کال جمعیت علمائے اسلام باجوڑ نے دی تھی۔

(جاری ہے)

احتجاجی مظاہرے سے گل ظفر خان باغی، ڈاکٹر خلیل الرحمن، قاری عبدالمجید، مفتی سلطان محمد، اورنگزیب انقلابی، مولانا فائق، شیخ جہانزادہ، صوفی حمید، گل کریم خان سلارزئی، ملک ریاض، ملک سعید الرحمٰن، حاجی اکبر جان سمیت دیگر اہم سیاسی رہنماؤں نے خطاب کیا۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہم حکومت سندھ سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ احمد شاہ کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے، مقررین کا کہنا تھا کہ ہم اپنے بیٹوں کو اپنے علاقے میں تعلیمی ادارے نہ ہونے کے وجہ سے دیگر شہروں میں تعلیم کے حصول کے لیے بھیجتے ہیں لیکن وہاں سے ہمیں اپنے بچوں کی لاشیں ملتی ہے جو کہ نہایت خطرناک اور افسوس ناک ہے۔ احمد شاہ کے چھوٹے بھائی نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ میرے بے گناہ بھائی احمد شاہ کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لائیں اور ہمیں انصاف دلائیں۔

متعلقہ عنوان :