مودی کا دورہ پاکستان، بھارتی حکومت سے نیوی گیشن چارجز لیے گئے

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی 25 دسمبر 2015 کو غیر ملکی دورے سے واپسی پر اچانک لاہور پہنچے تھے بھارتی وزیراعظم نے پاکستان آمد کے علاوہ اپنے دورہ ایران، قطر اور افغانستان کیلئے بھی پاکستان کی فضائی حدود استعمال کی تھی

منگل 20 فروری 2018 18:34

مودی کا دورہ پاکستان، بھارتی حکومت سے نیوی گیشن چارجز لیے گئے
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2018ء) پاکستان کے شہری ہوا بازی کے ادارے نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دسمبر 2015 میں بھارتی وزیراعظم کے غیرسرکاری دورہ پاکستان کے موقع پر ان کے طیارے کے نیوی گیشن اور لینڈنگ ہاؤسنگ چارجز بھارتی حکومت سے وصول کئے گئے تھے ،ْبھارتی وزیراعظم نریندر مودی 25 دسمبر 2015 کو غیر ملکی دورے سے واپسی پر اچانک لاہور پہنچے تھے۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ بھارتی وزیر اعظم کے طیارے کے نیوی گیشن اور لینڈنگ ہاؤسنگ چارجز کی مد میں بھارتی حکومت کو بھارتی ہائی کمیشن کے ذریعے دو لاکھ 86 ہزار روپے کا بل دیا گیا تھا۔ایوی ایشن ڈویژن کے ذرائع نے بتایا کہ جب کوئی غیر ملکی اعلیٰ شخصیت کا طیارہ پاکستان آتا ہے یا پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرتا ہے تو اس ملک کی حکومت اپنے طیارے کی نیوی گیشن اور دیگر ایرناٹیکل چارجز نہ لینے کی درخواست کرتی ہے جس پر یہ چارجز وصول نہیں کئے جاتے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن نے اپنے وزیراعظم کے طیارے کیلئے ایسی کوئی درخواست نہیں کی تھی جس پر قوائد کے تحت بھارتی حکومت سے بل وصول کیا گیا۔بھارتی وزیراعظم نے پاکستان آمد کے علاوہ اپنے دورہ ایران، قطر اور افغانستان کے لیے بھی پاکستان کی فضائی حدود استعمال کی تھی۔