فنانشل ایکشن ٹاسک فورس اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستانی وفد پیرس پہنچ گیا

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا چھ روزہ اجلاس 23 فروری تک جاری رہے گا ،ْپاکستانی وفد کی قیادت ڈی جی فائنانس مانیٹرنگ یونٹ منصور شاہ کرینگے

منگل 20 فروری 2018 18:34

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2018ء)فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستانی وفد پیرس پہنچ گیا۔فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا چھ روزہ اجلاس 23 فروری تک جاری رہے گا، جس میں پاکستانی وفد کی قیادت ڈی جی فائنانس مانیٹرنگ یونٹ منصور شاہ کر ینگے جبکہ مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل بھی پیرس پہنچ گئے۔

اجلاس میں امریکا اور برطانیہ کی اس تجویز پر فیصلہ کیا جائے گا کہ پاکستان کو ایک بار پھر دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام میں تعاون نہ کرنے والے ملکوں میں شامل کیا جائے۔واضح رہے کہ جرمنی اور فرانس بھی اس تجویز کی حمایت کر چکے ہیں اور اگر پاکستان کے خلاف فیصلہ ہوا تو اس سے ملکی معیشت پر منفی اثرات پڑیں گے۔پاکستان نے گزشتہ ہفتے ان تمام تنظیموں کو کالعدم قرار دیا تھا جنہیں اقوام متحدہ کی جانب سے دہشت گرد قرار دیا گیا ہے اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان کا نام ’واچ لسٹ‘ میں شامل کرنے سے ملک کے لیے معاشی مشکلات بڑھیں گی جن کا بالآخر اثر دہشت گردی کے خلاف جنگ پر بھی پڑے گا۔

(جاری ہے)

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ارکان کی تعداد 37 ہے جس میں امریکا، برطانیہ، چین، بھارت اور ترکی سمیت 25 ممالک، خلیج تعاون کونسل اور یورپی کمیشن شامل ہیں۔