آر ڈی اے نے 31 غیر قانونی ہائوسنگ اسکیموں میں سرمایہ نہ لگانے کی ہدایت کر دی

منگل 20 فروری 2018 18:21

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء) راولپنڈی کے ترقیاتی ادارے (آر ڈی اے )نے 31 نجی ھائوسنگ اسکیموں کو غیر قانونی قرار دے کرعوام کوان میں سرمایہ کاری نہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔غیر قانونی قرار دی جانے والی ھائوسنگ اسکیمز میں بابر ھومز ،پارس ولاز ،الفلاح ھومز ،جناح ٹائون ،ائیر پورٹ ایمپلائز کواپریٹو ھائوسنگ سوسائٹی ،گلشن علی ، جنجوعہ ٹائون ون ،ٹو ،تھری ،خیابان ملت ،رسول ٹائون ،نیشنل ٹائون ،خیابان قائد ،ٹی اینڈ ٹی ھائوسنگ سوسائٹی ،او جی ڈی سی ٹائون ،حمزہ ٹائون ،سانگھڑ ٹائون ،گلشن اقبال ،فضل ٹائون فیز 2،گلبرگ ٹائون ،لیک وسٹا ریذیڈینشل راول سٹی ،پام سٹی ،جبار سٹی ،عثمان بلیک ،جوبلی ٹائون ،لائرز ٹائون ،ریڈیوکالونی ،فیڈریشن آف ایمپلائز کواپریٹو ھائوسنگ سوسائٹی ،ثمرزار ھائوسنگ پراجیکٹ ،گلریز ھائوسنگ اسکیم اور میٹرو ھومز شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ شہریوں کی جمع پونجی لٹنے سے بچانے کے لیے آر ڈی اے نے اپنی حدود میں واقع تمام غیر قانونی ھائوسنگ اسکیموں کے خلاف گرینڈ کلین اپ آپریشن کی اصولی منظوری دے دی ہے جس کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ شہر اور مضافاتی علاقوں میں تیز رفتاری سے بڑھتی ہوئی غیر قانونی ھائوسنگ سوسائٹیوں میں سادہ لوح شہریوں کی بلاسوچے سمجھے سرمایہ کاری سے شہریوں کے اربوں روپے ڈوب رہے ہیں جبکہ بغیر این او سی غیر قانونی ھائوسنگ سوسائٹیوں کے پھیلائو کی وجہ سے ٹریفک مسائل گھمبیر ہوتے جا رہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل بھی لاحق ہو رہے ہیں ۔

اس طرح کی بہت سی دیگر وجوہات کے پیش نظر آر ڈی اے نے غیر قانونی ھائوسنگ سوسائٹیز کے خلاف بڑے آپریشن کی تیاریوں کو حتمی شکل دینا شروع کر دی ہے ۔ڈائریکٹر آر ڈی اے جمشید آفتاب نے شہریوں کو بوگس رہائشی اسکیموں میں سرمایہ کاری سے اجتناب کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ صرف آر ڈی اے کی منظور شدہ ھائوسنگ سوسائٹیز میں سرمایہ کاری کی جائے ۔

ڈائریکٹر آر ڈی اے جمشید آفتاب کے مطابق تحصیل راولپنڈی کی حدود میں محض 43ھائوسنگ اسکیمز باقاعدہ این او سی کی حامل اور منظور شدہ ہیں جبکہ 31ھائوسنگ اسکیمیں بوگس ہیں انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ آر ڈی اے نے عوام کو دھوکہ دہی اور فراڈ سے بچانے کے لیے غیر رجسٹرڈ اور غیر قانونی نجی ھائوسنگ سوسائٹیز کے خلاف جاری آپریشن کے دوران قواعد و ضوابط پر پورا اترنے والی 43 رجسٹرڈ ھائوسنگ سوسائٹیز کی فہرست جاری کی ہے تاکہ عوام صرف اور صرف قانونی ھائوسنگ اسکیموں میں سرمایہ کاری کریں اور عمر بھر کی جمع پونجی کے ضیاع سے بچ سکیں۔