بغیر روٹ پرمٹ چنگ چی رکشوں کے خلاف کریک ڈٖائون کا دوسرا دن ،درجنوں رکشے بند

منگل 20 فروری 2018 18:21

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء) بغیر روٹ پرمٹ چنگ چی رکشوں کے خلاف دوسرے روز بھی کریک ڈائون جاری رہا اور بغیر پرمٹ درجنوں رکشوں کو بند کر دیا گیا ۔سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی خالد یامین ستی نے اے پی پی کو بتایاکہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی نے شہر بھر میں مختلف روٹس پر چلنے والے چنگ چی رکشا ء مالکان کو روٹ پر مٹ کے حصول کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن کے خاتمے کے بعد پیر سے گرینڈ آپریشن شروع کیا تھا جو کہ منگل کو بھی جاری رہا ۔

انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ منگل کو آپریشن کے دوران خصوصی ٹیموں نے بغیر روٹ پرمٹ مزید درجنوں چنگی چی رکشوں کو بند کیا ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی روٹ پر بغیر پرمٹ پبلک ٹرانسپورٹ کو نہیں چلنے دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی خالد یامین ستی نے اے پی پی کو بتایاکہ روٹ کی مسلسل خلاف ورزی کے مرتکب ڈرائیورز کے روٹ پرمٹ منسوخ کرنے کاسلسلہ بھی جاری ہے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے ڈرائیورز کو ایک مرتبہ پھر انتباہ کیا جاتا ہے کہ وہ روٹ کی خلاف ورزی سے باز رہیں ۔

خالد یامین ستی نے کہاکہ تمام پبلک سروس گاڑیاں اپنے متعلقہ روٹ پر ہی سفر کرنے کی مجاز ہیں اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری شدہ روٹ کو پورا کرنے کی ذمہ دار ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کسی بھی پبلک ٹرانسپورٹ کے ڈرائیور کو کسی صورت روٹ کی خلاف ورزی نہیں کرنے دی جائے گی اور روٹ پرمٹ کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیاجائے گا ۔انہوں نے کہاکہ روٹ کی پابندی کے حوالے سے تمام متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے مالکان و ڈرائیورز کو بھی خبردار کیاجاتا ہے کہ وہ روٹ کی خلاف ورزی سے باز رہیں بصورت دیگر انہیں روٹ پرمٹ کی منسوخی سمیت سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔