پاکستان کو اقوام عالم میں سربلند، باوقار اور خودمختار دیکھنا چاہتے ہیں‘شہبازشریف

منفی سیاست کی وجہ سے ترقی کے سفر میں ہونیوالی تاخیر کا ازالہ شب و روز محنت سے کر رہے ہیں،موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں پاکستان منفی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا اوورسیز پاکستانیز کمیشن بیرون ملک مقیم پاکستانی بھائیوں کے مسائل کے حل کیلئے پوری طرح فعال اور مستعد ہے‘وزیراعلیٰ پنجاب

منگل 20 فروری 2018 18:19

پاکستان کو اقوام عالم میں سربلند، باوقار اور خودمختار دیکھنا چاہتے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو اقوام عالم میں سربلند، باوقار اور خودمختار دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت وطن عزیز کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے کا وژن رکھتی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) مشرق وسطیٰ کے صدرچوہدری نورالحسن تنویر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ منفی احتجاجی سیاست کی وجہ سے ترقی کے سفر میں ہونے والی تاخیر کا ازالہ شب روز محنت سے کر رہے ہیں۔

وطن عزیز موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں منفی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز دنیا بھر میں وطن عزیز کے سفیر ہیں۔ ملکی معیشت کے استحکام کیلئے ان کا کردار فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

دیار غیر میں مقیم شب و روز محنت کرنے والے پاکستانیوں نے لگن سے اپنا مقام پیدا اور وطن عزیز کا نام روشن کیا۔ دنیا بھر میں پاکستانی پروفیشنلز اپنی قابلیت کا لوہا منوا رہے ہیں۔

پاکستانیوں کی ہنرمندی اور خداداد صلاحیتوں کو دنیا مانتی ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی ترقی میں پاکستانی پروفیشنلز اور ہنرمندوں کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ مڈل ایسٹ میں بسنے والے پاکستانیوں نے وطن عزیز کی معیشت کے استحکام میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ زندگی عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کیلئے وقف ہے۔

2018 کے الیکشن میں جیت کر عوامی فلاح و بہبود کے مزید میگاپراجیکٹس لائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن بیرون ملک مقیم پاکستانی بھائیوں کے مسائل کے حل کیلئے فعال اور مستعد ہے اور صوبہ بھر کے اضلاع میں کمیٹیاں بھی اسی مقصد کیلئے خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) مشرق وسطیٰ کے صدر چوہدری نورالحسن تنویر نے کہا کہ شہبازشریف نے خدمت اور سیاست کے اعلیٰ معیار قائم کئے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے میگاپراجیکٹس کی ملک کی 70 سالہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کی سلامتی اور ترقی کیلئے دعا گو ہیں۔وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب خالد شاہین بٹ اورکمشنر افضال بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :