دل جان فائونڈیشن بیوائوں اور یتیموں کی مالی معاونت کے علاوہ روزگار کیلئے چھوٹے پیمانے پر کاروبار شروع کرنے کیلئے مدد کرتی ہے، دل جان خان

منگل 20 فروری 2018 18:08

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء) دل جان فائونڈیشن کے چیئرمین و سابق آئی جی خیبرپختونخوا دل جان خان نے کہا ہے کہ دل جان فائونڈیشن بیوائوں اور یتیموں کی مالی معاونت کے علاوہ روزگار کیلئے چھوٹے پیمانے پر کاروبار شروع کرنے کیلئے مدد کرتی ہے، فائونڈیشن ضلع لکی مروت کی واحد تنظیم ہے جو پسے ہوئے طبقات، بیماروں کی امداد اور معذور افراد کو مصنوعی اعضاء کی فراہمی کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

وہ منگل کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پاکستان ٹوبیکو کمپنی لمیٹڈ کے سابق سینئر آفیسر گل نواب اور فائونڈیشن کی عہدیدار میمونہ بھی موجود تھیں۔ دل جان فائونڈیشن کے چیئرمین دل جان خان نے کہا کہ دل جان فائونڈیشن نے جب انسانی فلاح کیلئے اپنے سفر کا آغاز کیا تو وسائل کی کمی کے باعث محدود تھی کیونکہ ذرائع آمدن صرف اور صرف فائونڈیشن کے چیئرمین بذات خود اٹھا رہے تھے، 2006ء میں خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کی یونین کونسل بیگوخیل میں ابتدائی طور پر بنیادی مرکز صحت کا قیام عمل میں لایا گیا، یہ مرکز علاقہ کے غریب اور ضرورت مند لوگوں کو روزمرہ صحت کی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ ہنگامی صورتحال میں بھی علاج معالجہ کی سہولت فراہم کرتی تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فائونڈیشن کا مقصد دیہی علاقوں میں بنیادی مراکز صحت کا قیام اور دیہی آبادیوں کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی، سرکاری اور نجی شعبہ کے درمیان شراکت داری کا قیام، دیہی علاقوں میں مفت میڈیکل کیمپوں کا انعقاد، عوام الناس میں عام طور پر پھیلنے والی بیماریوں کے بارے میں شعور و آگاہی پیدا کرنا، خواتین اور بچوں کی صحت کیلئے متوازن غذاء کی فراہمی تھی۔

انہوں نے کہا کہ دل جان فائونڈیشن کے زیر اہتمام گذشتہ 12 سال کے عرصہ میں 80 ہزار سے زائد مریضوں کو بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ دل جان فائونڈیشن نے ہاشو فائونڈیشن کے تعاون سے ضلع لکی مروت میں ایمبولینس سروس بھی شروع کی جس میں سینکڑوں سے زائد مریضوں ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا۔

متعلقہ عنوان :