مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت وبربریت پر عالمی طاقتوں کی دانستہ خاموشی افسوسناک ہے،

سردار محمد مسعود خان مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت گری ،انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں مودی سرکار کی مجرمانہ ذہنیت کی عکاس ہیں ،احمقانہ و عا قبت نا اندیشانہ پالیساں کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتیں اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کشمیر کے معاملہ پر جاگیں ،ا پنی پاس کردہ قرار دادوں پر فوری طور پر عملدرآمد کروا ئیں، صدر آزاد کشمیر کا تقریب سے خطاب

منگل 20 فروری 2018 18:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2018ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ مودی اور آر ایس ایس کے انتہا پسندوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، ظلم، بربریت اور دہشت گردی اور قتل و غارت کا بازار گرم کر رکھا ہے ، جب کہ اس پر عالمی طاقتوں کی دانستہ خاموشی افسوس ناک ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج کشمیر ہائوس اسلام آباد میں کشمیر لبریشن سیل کی جانب سے منعقدہ ’’دوسرا سالانہ بین ا لجامعات تقریری مقابلہ ‘‘کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

صدر آزاد جموں و کشمیر نے تقریری مقابلے کے اختتام پر مقررین کے فن خطابت ، جذبے اور ولولے کو سراہاتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق مقررین نے حقیقی منظر نامہ پیش کیا ہے اور ان کی یہ آواز نہ صرف شرکاء تقریب بلکہ عالمی برادری کے لیے بھی ایک اہم پیغام ہے ۔

(جاری ہے)

صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت گری اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں مودی سرکار کی مجرمانہ ذہنیت کی عکاس ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مودی کے ا احمقانہ و عا قبت نا اندیشانہ پالیساں کبھی کامیاب نہیں ہو ں گی اور وہ کبھی بھی کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر مودی نے اپنی ان احمقانہ پالیسوں کو ترک نہ کیا تو وہ سودیت یونین کی طرح بھارت کے بھی حصے بکھرے کرنے اور اس کی تباہی کا باعث بنیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد جمہوریت کا د عو یدار ملک بھارت مقبوضہ کشمیر میں معصوم بچوں ، عورتوں ، بوڑھوں اور نہتے کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے ۔

عورتوں کی عصمت دری کی جا رہی ہے ۔ نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے انہیں غائب کیا جا رہا ہے ۔ حریت رہنمائوں کو بلا وجہ پابند سلاسل کیا جا رہا ہے ۔کشمیریوں کی جائیدادوں اور املاک کو تباہ کیا جا رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کر رہا ہے اور یہ سب کچھ مودی سرکار ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کر رہی ہے ۔

صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود کان نے کہا ہے کہ بھارت ایک دہشت گرد ملک ہے اور وہ نہ صر ف مقبوضہ کشمیر میں تعینات اپنی 7 لاکھ فوج کے ذریعے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور دہشت گردی کر رہا ہے ۔ بلکہ اس نے پاکستان کے خلاف 3 قسم کی جنگیں شروع کر رکھی ہیں،جس کے مطابق لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے معصوم سویلین شہریوں کو اپنی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان کے مختلف علاقوں بالخصوص بلوچستان ، کراچی اور فاٹا میں بھی پاکستان کے خلاف در پردہ جنگ میں مصروف ہے اور پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے ، جبکہ وہ الٹا پاکستان پر دہشت گردی کا الزام لگا رہا ہے اور مقام افسوس ہے کہ عالمی برادری بھارت کے جھوٹ کو بھی سچ تسلیم کر رہی ہے ۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل پر زور دیا اورکہا ہے کہ وہ کشمیر کے معاملہ پر اب جاگ جائیں اور ا پنی پاس کردہ قرار دادوں پر فوری طور پر عملدرآمد کروا ئیں ۔ ورنہ یہ ان کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہو گا۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مودی اور اس کے حواریوں کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم ، قتل و غارت گری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی دانستہ خاموشی نا قابل فہم اور افسوس ناک ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک کے برعکس مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر عالمی برادری کی خاموشی دوہرے میعار اور جرم کے مترادف ہے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیریوں کا جرم صرف یہ ہے کہ وہ حق خود ارادیت مانگ رہے ہیں اور پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ معاملہ کو دو طرفہ ظاہر کرتے ہوئے دو طرفہ مذاکرات کا ڈھونگ رچایا ۔

انہوں نے واضح کیا کہ کشمیری تنازعہ کے بنیادی فریق ہیں اور انہیں ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے ۔ صدر آزاد جموں و کشمیر نے ایک طالبعلم مقرر کی تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے علاوہ سوشل میڈیا کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جائے انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اُجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے ۔

صدر آزاد کشمیر نے سیکرٹری کشمیر لبریشن سیل ادریس عباسی اور ان کی ٹیم کو تقریب کے بہترین انعقاد پر انہیں مبارکباد دی اور اُمید ظاہر کی کہ وہ نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر سے متعلق اگاہی پید ا کرنے کے لیے اس طرح کے پروگرامات کا انعقاد کرتے رہیں گے ۔تقریب کے اختتام پر صدر آزاد جموں و کشمیر نے تقریری مقابلے میں پوزیشن ہولڈرز طلباء میں انعامات تقسیم کیے ۔ تقریب میں حریت رہنما غلام محمد صفی ، فیض نقشبندی ، الطاف حسین وانی، سیکرٹری صدارتی امور سردار ظفر خان، سیکرٹری لبریشن سیل محمد ادریس عباسی ، بریگیڈئر (ر) محمد خان، سینئر بیورو کریسی ،آفیسران ، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات آزاد جموں و کشمیر پبلک سیکٹر یونیورسٹیز نے بھی شرکت کی ۔