مودی اور آر ایس ایس کے انتہاء پسندوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، ظلم، بربریت ، دہشت گردی اور قتل و غارت کا بازار گرم کر رکھا ہے ، عالمی طاقتوں کی دانستہ خاموشی افسوسناک ہے،صدر آزاد کشمیر سردار محمد مسعود خان

منگل 20 فروری 2018 18:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ مودی اور آر ایس ایس کے انتہاء پسندوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، ظلم، بربریت ، دہشت گردی اور قتل و غارت کا بازار گرم کر رکھا ہے جبکہ اس پر عالمی طاقتوں کی دانستہ خاموشی افسوسناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کشمیر ہائوس اسلام آباد میں کشمیر لبریشن سیل کی جانب سے منعقدہ ’’دوسرا سالانہ بین ا لجامعات تقریری مقابلہ‘‘ کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صدر آزاد جموں و کشمیر نے تقریری مقابلہ کے اختتام پر مقررین کے فن خطابت، جذبے اور ولولے کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق مقررین نے حقیقی منظرنامہ پیش کیا ہے اور ان کی یہ آواز نہ صرف شرکاء تقریب بلکہ عالمی برادری کیلئے بھی ایک اہم پیغام ہے ۔

(جاری ہے)

صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت گری اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں مودی سرکار کی مجرمانہ ذہنیت کی عکاس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مودی کی احمقانہ و عاقبت نااندیش پالیساں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی اور وہ کبھی بھی کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مودی نے اپنی ان احمقانہ پالیسوں کو ترک نہ کیا تو وہ سوویت یونین کی طرح بھارت کے بھی حصے بکھرے کرنے اور اس کی تباہی کا باعث بنیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد جمہوریت کا دعو یدار ملک بھارت مقبوضہ کشمیر میں معصوم بچوں، عورتوں، بوڑھوں اور نہتے کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے، عورتوں کی عصمت دری کی جا رہی ہے، نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے، انہیں غائب کیا جا رہا ہے، حریت رہنمائوں کو بلاوجہ پابند سلاسل کیا جا رہا ہے، کشمیریوں کی جائیدادوں اور املاک کو تباہ کیا جا رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کر رہا ہے اور یہ سب کچھ مودی سرکار ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کر رہی ہے۔

صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت ایک دہشت گرد ملک ہے اور وہ نہ صر ف مقبوضہ کشمیر میں تعینات اپنی 7 لاکھ فوج کے ذریعے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور دہشت گردی کر رہا ہے بلکہ اس نے پاکستان کے خلاف 3 قسم کی جنگیں شروع کر رکھی ہیں،جس کے مطابق لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے معصوم سویلین شہریوں کو اپنی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان کے مختلف علاقوں بالخصوص بلوچستان، کراچی اور فاٹا میں بھی پاکستان کے خلاف درپردہ جنگ میں مصروف ہے اور پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے جبکہ وہ الٹا پاکستان پر دہشت گردی کا الزام لگا رہا ہے اور مقام افسوس ہے کہ عالمی برادری بھارت کے جھوٹ کو بھی سچ تسلیم کر رہی ہے ۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل پر زور دیا اورکہا ہے کہ وہ کشمیر کے معاملہ پر اب جاگ جائیں اور ا پنی پاس کردہ قرار دادوں پر فوری طور پر عملدرآمد کروا ئیں ۔ ورنہ یہ ان کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہو گا۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مودی اور اس کے حواریوں کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم ، قتل و غارت گری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی دانستہ خاموشی نا قابل فہم اور افسوس ناک ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک کے برعکس مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر عالمی برادری کی خاموشی دوہرے میعار اور جرم کے مترادف ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیریوں کا جرم صرف یہ ہے کہ وہ حق خود ارادیت مانگ رہے ہیں اور پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ معاملہ کو دو طرفہ ظاہر کرتے ہوئے دوطرفہ مذاکرات کا ڈھونگ رچایا۔

انہوں نے واضح کیا کہ کشمیری تنازعہ کے بنیادی فریق ہیں اور انہیں ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے۔ صدر آزاد جموں و کشمیر نے ایک طالب علم مقرر کی تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے علاوہ سوشل میڈیا کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جائے انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اُجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

صدر آزاد کشمیر نے سیکرٹری کشمیر لبریشن سیل ادریس عباسی اور ان کی ٹیم کو تقریب کے بہترین انعقاد پر انہیں مبارکباد دی اور اُمید ظاہر کی کہ وہ نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر سے متعلق اگاہی پید ا کرنے کے لیے اس طرح کے پروگرامات کا انعقاد کرتے رہیں گے۔ تقریب کے اختتام پر صدر آزاد جموں و کشمیر نے تقریری مقابلے میں پوزیشن ہولڈرز طلباء میں انعامات تقسیم کئے۔ تقریب میں حریت رہنما غلام محمد صفی، فیض نقشبندی، الطاف حسین وانی، سیکرٹری صدارتی امور سردار ظفر خان، سیکرٹری لبریشن سیل محمد ادریس عباسی، بریگیڈیئر (ر) محمد خان، سینئر بیورو کریسی، آفیسران ، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات آزاد جموں و کشمیر پبلک سیکٹر یونیورسٹیز نے بھی شرکت کی ۔