تازہ ترین ون ڈے رینکنگ، بابراعظم کی بغیر کھیلے ایک درجے ترقی

منگل 20 فروری 2018 18:03

تازہ ترین ون ڈے رینکنگ، بابراعظم کی بغیر کھیلے ایک درجے ترقی
دبئی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء) افغانستان کے راشد خان اور بھارتی فاسٹ بائولر جسپریت بمرا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ون ڈے پلیئرز رینکنگ میں مشترکہ طور پر دنیا کے نمبر ایک بائولر بن گئے، دونوں بائولرز نے جنوبی افریقن سپنر عمران طاہر سے ٹاپ پوزیشن چھینی، اس کے ساتھ ہی راشد خان دنیا کے کم عمر ترین نمبر ایک بائولر بن گئے، انہوں نے 19 برس اور 153 دنوں کی عمر میں یہ اعزاز حاصل کیا، ویرات کوہلی نے ٹاپ پوزیشن مزید مستحکم کر دی، وہ ٹیسٹ کے بعد ون ڈے میں بھی 900 پوائنٹس عبور کرنے والے اے بی ڈی ویلیئرز کے بعد دنیا کے دوسرے کھلاڑی ہیں، بابر اعظم بغیر کھیلے ایک درجے ترقی پا کر چوتھے نمبر پر آ گئے، شیکھر دھون 4 درجے ترقی پا کر ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے، بھارتی سپنرز یزویندرا چاہل 21 اور کلدیپ یادیو 47 درجے لمبی چھلانگ لگا کر بالترتیب ٹاپ ٹین اور ٹاپ ٹونٹی میں شامل ہو گئے، راشد خان ٹاپ فائیو آل رائونڈرز میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی نے افغانستان اور زمبابوے کے درمیان آخری ٹیسٹ ختم ہونے کے بعد تازہ ترین ون ڈے پلیئرز رینکنگ جاری کر دی جس کے تحت بلے بازوں میں ویرات کوہلی بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں، کوہلی نے 909 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن مزید مستحکم کر دی، وہ ٹیسٹ کے بعد ون ڈے میں میں بھی 900 پوائنٹس عبور کرنے والے اے بی ڈی ویلیئرز کے بعد دنیا کے دوسرے کھلاڑی ہیں، ڈی ویلیئرز دوسرے، ڈیوڈ وارنر تیسرے نمبر پر موجود ہیں، پاکستان کے بابر اعظم بغیر کھیلے ایک سیڑھی چڑھ کر دوبارہ چوتھے نمبر پر آ گئے، انہوں نے روہت شرما کو چوتھے سے چھٹے نمبر پر دھکیل دیا، جوروٹ پانچویں نمبر پر آ گئے، ہاشم آملہ تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے، انہوں نے 12واں نمبر پا لیا، شیکھر دھون 4 درجے ترقی پا کر ٹاپ ٹین میں داخل ہو گئے، دوسری جانب بائولرز میں افغانستان کے راشد خان اور جسپریت بمرا مشترکہ طور پر دنیا کے نمبر ایک بائولر بن گئے، انہوں نے عمران طاہر کو ٹاپ پوزیشن سے محروم کیا، بمرا نے 2 اور راشد نے 8 درجے ترقی پا کر یہ اعزاز حاصل کیا، حسن علی کا پانچواں نمبر برقرار ہے، بھارتی سپنر یزویندرا چاہل 21 درجے لمبی چھلانگ لگا کر ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے، انہوں نی29ویں سے 8واں نمبر سنبھال لیا، کلدیپ یادیو نے بھی 47 درجے لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے 62ویں سے 15ویں پوزیشن سنبھال لی، آل رائونڈرز میں شکیب الحسن بدستور سرفہرست ہیں، محمد حفیظ دوسرے نمبر پر برقرار ہیں، افغانستان کے راشد خان ٹاپ فائیو آل رائونڈرز میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے، ان کا چوتھا نمبر ہے۔

متعلقہ عنوان :