شرعی اصولوں کے مطابق مرغی ذبح کرنے کیلئے حلال ایجنسی نے پولٹری انڈسٹری سے وابستہ قصابوں کے تربیتی پروگرام کا آغاز کر دیا

منگل 20 فروری 2018 17:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2018ء) پنجاب حلال ڈویلپمنٹ ایجنسی نے پولٹری انڈسٹری سے وابستہ قصابوں کو شرعی اصولوں کے مطابق مرغی ذبح کرنے کی عملی تربیت کا آ غاز کر دیا ہے ، پروگرام کے مطابق پہلے مرحلے میں حلال ایجنسی محکمہ بلدیات اور میٹکس کے تعاون سے مختلف مرحلوں میں لاہور کے 500 سے زائد قصابوں کی تربیت کرے گی اور تربیت مکمل کرنے والے قصابوں کو لائسنس دیے جائیں گے۔

تربیت کا مقصد قصابوں کو شرعی اصولوں کے مطابق ذبح کی اسلامی روح سے روشناس کروانا اور اس کے سائنسی فوائد سے روشناس کروانا ہے۔ پنجاب حلال ڈویلپمنٹ ایجنسی کے چیرمین جسٹس خلیل الرحمٰن خان نے تربیتی ورکشاپ کے بارے میںبتایا کہ تربیت یافتہ قصاب معیاری اور شرعی اصولوں کے مطابق گوشت فراہمی میں اہم کردار ادا کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ حلال ایجنسی بہت جلد ایک پروگرام ترتیب دے گی جس میں لاہور بھر کے قصابوں کو فنی تربیت دی جائے گی اور انہیں لائسنس دیے جائیں گے اور تربیتی پروگرام کی تکمیل کے بعد صرف لائسنس یافتہ قصاب ہی کام کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضع کیا کہ اس سے قبل حلال ایجنسی پنجاب بھر کے سرکاری ذبحہ خانوں میں کام کرنے والے قصابوں کی تربیت کر چکی ہے اور ان کو لائسنس جاری کئے جا چکے ہیں جو اب کامیابی سے کام کر رہے ہیں۔