وہ وقت دور نہیں جب ہم شہر کی ترقی کا سفر وہیں سے شروع کریں گے جہاں سے ہم نے چھوڑا تھا،مصطفی کمال

آئندہ الیکشن میں پی ایس پی کلین سوئپ کرے گی اور عوام کے مسائل آنکی دہلیز پر حل کرے گی،چیئرمین پاک سرزمین پارٹی کا تقریب سے خطاب

منگل 20 فروری 2018 17:57

وہ وقت دور نہیں جب ہم شہر کی ترقی کا سفر وہیں سے شروع کریں گے جہاں سے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2018ء) وہ وقت دور نہیں جب ہم اس شہر کی ترقی کا سفر وہیں سے شروع کریں گے جہاں سے ہم نے چھوڑا تھا۔ آئندہ الیکشن میں پی ایس پی کلین سوئپ کرے گی اور عوام کے مسائل آنکی دہلیز پر حل کرے گی، ان خیالات کا اظہار پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے الیکشن مہم کے سلسلے میں ملیر کے حلقے این اے 257, کے دورے کے دوران وہاں کے رہائشی، مختلف انجمنوں، تاجر برادری اور معززین علاقہ سے ملاقات کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مہاجر نام پر سیاست کرنے میں اور مہاجروں کے لیے سیاست کرنے میں فرق ہے۔ ملیر کی ٹوٹی ہوئی سڑکیں، ابلتے نالے اور ان کے درمیان ہماری اگلی نسلوں کو کھیلتا ہوا دیکھ کر دل روتا ہے، پیسے کی بندر بانٹ میں لڑتے ہوئے ہمارے مینڈیٹ کے دعویدار لوگوں کے مسائل سے غافل ہیں۔

(جاری ہے)

ہمارے بچے اسکولوں سے باہر ہیں نہ ان کے پاس پینے کا صاف پانی ہے نہ کھیلنے کے لیے گراؤنڈلیکن منتخب نمائندے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرنے کے بجائے ان کے نام پر سیاست کر کے اپنی دولت میں مزید اضافے کی فکر میں ایک دوسرے کو نوچ رہے ہیں۔

اس موقع پر ممبر نیشنل کونسل و صدر کراچی ڈویژن سید آصف حسنین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ نائن زیرو کے حلقے این اے 247 کے تین لاکھ ووٹ میں سے صرف 35 ہزار ووٹ لینے والے ہم پر الزام لگاتے ہیں کہ ہم نے مہاجر ووٹ تقسیم کردیا ہے۔ جبکہ ہمارے آنے سے کراچی کا ووٹ تقسیم نہیں بلکہ اور مضبوط ہوا ہے کیونکہ ہم نے مختلف قومیتوں کو ایک کرکے کراچی میں پائیدار امن کی بنیاد رکھی ہے۔

کراچی کی عوام نے اپنے دوست اور دشمن کی شناخت کر کے اپنی آئندہ نسلوں کے مقدر کا فیصلہ کرنا ہے۔ اسی طرح پاک سر زمین پارٹی کے سیکریٹری جنرل رضا ہارون اور سینئر نائب صدر کراچی ڈویژن عادل صدیقی ممبر کراچی ڈویژن عون علی نے نارتھ ناظم آباد کے حلقے این اے 245 میں منعقدہ جیولرز ایسوسی ایشن کی تقریب میں شرکت کی اور بوہری کمیونٹی سمیت دیگر برادریوں سے ملاقات کی ملاقات میں گفتگو کرتے سیکرٹری جنرل پی ایس پی رضا ہارون نے کہا کہ پاکستان میں سید مصطفیٰ کمال جیسے لیڈر کی ضرورت ہے جو رنگ، نسل مسلک سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور کراچی سمیت پورے پاکستان کے مسائل حل کرنے کے لیے لائحہ عمل پیش کر چکے ہیں۔

عوام کے پاس پی ایس پی کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن موجود نہیں ہے۔ اب لوگوں کو فیصلہ کرنا ہوگا ظلم کے خلاف کھڑا ہونا ہے یا اگلی نسل کو بھی ٹوٹی سڑکیں ابلتے نالے اور خستہ حال اسکول دینے ہیں۔ جبکہ گلشن اقبال کے این اے کے حلقے 253 میں وائس چیئرمین پی ایس پی وسیم آفتاب، ممبر نیشنل کونسل ارتضیٰ فاروقی اور کراچی ڈویژن کے اراکین نے آرجے شاپنگ مال گلشن اقبال کے اونر حنیف اور انکی یونین سے ملاقات کی۔

جس میں انہوں نے سید مصطفیٰ کمال کا پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر وسیم آفتاب نے کہا کہ شہر کا کوئی بھی مسئلہ ابھی تک حل نہیں ہو سکا اس لیے اب عوام کو پاک سر زمین پارٹی کے ساتھ مل کر مسائل کے حل کے لیے کوشش کرنی ہے۔ شہر کے بچوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنی ہیں چاہے وہ کوئی بھی زبان بولتے ہوں۔۔ اس موقع پر آر جے شاپنگ مال کے اونر نے پاک سر زمین پارٹی کا ساتھ دینے اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :