اسلامی معاشرے کی تشکیل کیلئے علما ء کرام کا کردار اہمیت کا حامل ہے ‘ذکر اللہ مجاہد

دین کو صحیح معنوں میں اپنی زندگیوں کا نسب العین بنائے بغیر معاشرتی برائیوں کو کنٹرول نہیں کیا جاسکتا‘تقریب سے خطاب

منگل 20 فروری 2018 17:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2018ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہاہے کہ اسلامی معاشرے کی تشکیل کیلئے علما ء کرام کا کردار اہمیت کا حامل ہے ۔قرآن کریم کی تعلیمات پر عمل پیر ا ہو کر ہی انسان دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتا ہے ۔علماء کرام معاشرے میں اسلام کی ترویج کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں ۔

ان خیالات کااظہار گذشتہ رو ز انہوں نے جمعیت اتحاد علما ء کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک صدر جمعیت اتحاد علماء پاکستان، مبلغ ختم نبوت مفتی محمدامتیاز، قاری ضمیر اختر منصوری، قاری عطالرحمن، صدر الخدمت فائونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد و دیگر موجود تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی تعلیمات سے منہ موڑ کر امت مسلمہ مسائل کا شکا ر ہو گئی ہے ۔

(جاری ہے)

آج اسلام کے نام پر حاصل کی جانے والی ریاست میں صبح سویرے ہی مارننگ شوز کے نام پر فحش ڈانس دیکھائے جا رہے ہیں اور ذومعنی باتیں اسلامی ریاست کی ساکھ کی دھیجاں بکھیر رہی ہیں ۔ اسلامی نظام کے نفاذ سے انصاف کی فراہمی ممکن ہے، 70سال سے ملک میں انگریز کا بنایا ہوا نظام رائج ہے جو انصاف کے تقاضوں کو پورا نہیں کر سکا ۔ انہوں نے کہاکہ معاشرے میں دین کی دوری کی وجہ سے ماں باپ، اساتذہ اور بڑوں کی عزت نہیں کی جاتی۔

معاشرے میں عدم برداشت کے رویہ کے خاتمے کیلئے علماء کرام ، محراب و منبر سے اسلام کی صحیح تعلیمات کو عام کریں ، اسلام انسانیت کا درس دیتا ہے اور انسانی حرمت کے تقاضے بھی بڑے واضع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دین کو صحیح معنوں میں اپنی زندگیوں کا نسب العین بنائے بغیر معاشرتی برائیوں کو کنٹرول نہیں کیا جاسکتا۔

متعلقہ عنوان :