شہروں کی منصوبہ بندی میں ایسی کو ئی غلطی نہیں دہرائی جائے گی، جو ماضی میں کراچی کی آباد کاری میں ہوئی،گورنر سندھ

سپر ہائی وے پر واقع ڈی ایچ اے سٹی سمیت نئی بستیوں کو جدید بین الا قوامی شہری سہولتیں فراہم کی جائیں گی،ڈی ایچ اے سٹی سپر ہائی وے پر ڈائو یونیورسٹی اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب

منگل 20 فروری 2018 17:55

شہروں کی منصوبہ بندی میں ایسی کو ئی غلطی نہیں دہرائی جائے گی، جو ماضی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ شہروں کی منصوبہ بندی میں ایسی کو ئی غلطی نہیں دہرائی جائے گی، جو ماضی میں کراچی کی آباد کاری میں ہوئی۔ جس کے نتیجے میں شہر میں مسائل نے جنم لیا، سپر ہائی وے پر واقع ڈی ایچ اے سٹی سمیت نئی بستیوں کو جدید بین الا قوامی شہری سہولتیں فراہم کی جائیں گی، یہ بات انہوں نے ڈی ایچ اے سٹی سپر ہائی وے پر ڈائو یونیورسٹی اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر کور کمانڈر کراچی لیفٹنٹ جنرل شاہد بیگ مرزا، وائس چانسلر ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید قریشی، ایڈمنسٹرئیٹر ڈی ایچ اے بریگیڈئر شاہد حسن علی، رجسٹرار ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ عباسی سمیت دیگر ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سینئر فیکلٹی میمبرز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ ڈائو اسپتال کے قیام سے علم کے دروازے کھل رہے ہیں، ڈائو میڈیکل کالج جو گذشتہ سات آٹھ عشروں سے اولڈ سٹی کراچی میں منبع نور بنا ہوا تھا، اب شہر کی تنگنائیوں سے نکل کر سپر ہائی وے کی وسعتوں میں اپنا دائرہ وسیع کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی کی شہری آبادی سے دور ایک جدید بستی میں تدریسی اسپتال کے ساتھ میڈیکل کالج میں پڑھنے والے طلبا خوش ہونگے، اور دیہی آبادی کے طلبا بھی یہاں آکر پڑھنا چاہیںگے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پرفیسر ڈاکٹر محمد سعید قریشی نے کہاکہ ڈائو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی حیثیت سے یہ بات باعثِ اعزاز ہے کہ ڈی ایچ اے سٹی میں جدید طبی سہولتوں سے آراستہ تدریسی اسپتال اعلی تعلیمی صلاحیتوں کے حامل اساتذہ پر مشتمل یونیورسٹی کیمپس بنانے کے لیے ہمیں منتخب کیاگیا، اس اعتماد پر پورے اترینگے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈائو اسپتال پروجیکٹ بہت تیزی سے مکمل ہوا ہے، جدید طبی سہولتوں اور آلات سے مزین مکمل تدریسی اسپتال اور یونیورسٹی کیمپس کے مراحل بھی تیزی سے مکمل ہوجائینگے۔ یہ ہدف بر وقت حاصل ہوگا۔بعد ازاں گورنر سندھ محمد زبیر نے تختی کی نقاب کشائی کر کے ڈائو اسپتال کا افتتاح کیا۔

متعلقہ عنوان :