چکدرہ کالام روڈ کے قابل عمل ہونے کا مطالعہ جاری ہے، 36 ماہ میں مکمل کیا جائے گا، وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد

منگل 20 فروری 2018 16:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ چکدرہ کالام روڈ کے قابل عمل ہونے کا مطالعہ جاری ہے۔ 36 ماہ میں اسے مکمل کیا جائے گا۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے سینیٹر احمد حسن کے سوال کے جواب میں بتایا کہ چکدرہ تا کالام روڈ 132 کلو میٹر کا منصوبہ ہے۔

اس کے قابل عمل ہونے کا مطالعہ جاری ہے۔ 22 فروری کو اس حوالے سے بورڈ اجلاس ہے جس میں اس کے پی سی ون کی منظوری ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں اس کے لئے 4 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ یہ 36 ماہ میں مکمل ہوگی۔ احمد حسن کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ مالاکنڈ ٹنل پر کام فنڈز کی کمی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے۔ مالاکنڈ درگئی 310 کلو میٹر شاہراہ پر دو ٹنل بنائے جا رہے ہیں۔ ایگزم بینک سے پہلے 7 کروڑ 80 لاکھ ڈالر لئے گئے، مزید 8 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے لئے بھی اسی بینک سے بات چیت ہو رہی ہے۔ رواں سال کے پی ایس ڈی پی میں 30 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ یہ منصوبہ 42 ماہ میں مکمل ہوگا۔ اس پر اگر کام رکا ہوا ہے تو قائمہ کمیٹی جا کر اس کو دیکھے۔