عابد باکسر کی واپسی ،پنجاب کی اہم سیاسی شخصیات کی نیندیں اڑ گئیں

شجاع خانزادہ پر خودکش حملے اور اس کے مبینہ ماسٹر مائنڈ کو جعلی پولیس مقابلوں میں مارے جانے کے ساتھ ساتھ پنجاب میں سیاسی شخصیات سے مراسم کے حوالے سے بھی اہم انکشافات کی توقع

منگل 20 فروری 2018 16:00

عابد باکسر کی واپسی ،پنجاب کی اہم سیاسی شخصیات کی نیندیں اڑ گئیں
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 فروری2018ء) انڈر ورلڈ ڈان عابد باکسر کی انٹرپول کے ذریعے وطن واپسی کے بعد پنجاب کی اہم سیاسی شخصیات کی نیندیں اڑ گئیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق عابد باکسر کو دبئی سے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے جس سے تفتیش میں سابق شہید وزیر داخلہ پنجاب کرنل(ر) شجاع خانزادہ پر ہونے والے خودکش حملے اور اس کے مبینہ ماسٹر مائنڈ کو جعلی پولیس مقابلوں میں مارے جانے کے ساتھ ساتھ پنجاب میں سیاسی شخصیات سے مراسم کے حوالے سے بھی اہم انکشافات کی توقع ہے اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں انڈر ورلڈ ڈان عابد باکسر کا ایک منظم نیٹ ورک موجود ہے اور اس کے قریبی ساتھیوں میں ملک احسان ، گوگی بٹ اور طیفی بٹ سمیت کئی بدمعاش رسہ گیروں کے نام شامل ہیں جو کہ بیرون ملک مختلف مقدمات پر اس کی رہائش اور دیگر اخراجات برداشت کرتے تھے اور یہ کافی عرصے سے دبئی میں بیٹھ کر پاکستان میں جرائم پیشہ افراد کا منظم نیٹ ورک چلا رہا تھا اور اس کو پنجاب کابینہ میں شامل اہم شخصیات سمیت حکمران جماعت کے اہم عہدیداروں کی مبینہ سرپرستی حاصل تھی اس حوالے سے آن لائن کے استفسار پر ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ 2005ء میں عابد باکسر کے قریبی ساتھی انسپکٹر نوید سعید کو بھی مذکورہ بالا سیاسی شخصیات نے استعمال کرکے قتل کروا دیا تھا جس کے بعد عابد باکسر کا نیٹ ورک بیرون ملک منتقل ہو گیا ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پنجاب میں جعلی پولیس مقابلوں میں اپنے سرپرستوں کے مخالفین کو ٹھکانے لگانے کا کام کرنے کے ساتھ ساتھ انسپکٹر عابد باکسر نے شوبز انڈسٹری پر بھی اپنی دھاک جمائی ۔ جس کی وجہ سے کئی شوبز انڈسٹری کی شخصیات اس کے گروپ میں شامل ہو گئیں جبکہ کئی شخصیات نے بیرون ملک اور دوسرے صوبوں کی جانب ہجرت کی اور انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ۔

2002 میں عابد باکسر کے خلاف تھانہ جوہر ٹائون لاہور میں معروف ڈانسر نرگس پر وحشیانہ تشدد کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا دوسری جانب وزارت داخلہ کی جانب سے انٹرپول کے ذریعے عابد باکسر کی واپسی اور انصاف کے کٹہرے میں لا کر پنجاب میں جرائم پیشہ افراد کا نیٹ ورک توڑنے کے حوالے سے معنی خیز خاموشی وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہی۔

متعلقہ عنوان :