کامونکے،ہفتہ صحت پروگرام میں تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال میں ٹیسٹ کروانے کیلئے آنے والے سائلین کو ٹرخایا جانے لگا

منگل 20 فروری 2018 15:50

کامونکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2018ء)پنجاب حکومت کی جانب سے ہفتہ صحت پروگرام میں تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال کامونکے میں ٹیسٹ کروانے کیلئے آنے والے سائلین کو ایک دو ٹیسٹ کے بعد ٹرخایا جانے لگا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے پنجاب بھر میں ہفتہ صحت منائے جانے کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت تحصیل ہیڈکواٹر ہسپتال کامونکے میں بھی گزشتہ روز اس کا افتتاح کیا گیا ہفتہ صحت پروگرام کے تحت مریضوں کے ٹی بی،ہیپاٹائٹس بی اور سی،شوگر،بلڈ پریشر سمیت چھ ٹیسٹ کئے جائیں گے مگر تحصیل ہیڈکواٹر ہسپتال کامونکے اور تحصیل میں دیگر مقامات پر لگائے گئے ہفتہ صحت کیمپوں میں مریضوں کا صرف شوگر اور بلڈ پریشر کا ہی ٹیسٹ کیا جارہا ہے اور ان کو صرف ان دو ٹیسٹوں کی رپورٹ دیکر ٹرخایا جارہا ہے اس سلسلے میں تحصیل ہیڈکواٹر ہسپتال کامونکے میں لگائے جانے والے ہفتہ صحت پروگرام کیمپ میں ٹیسٹ کیلئے آنے والے مریضوں نے بتایا کہ سب سے پہلے تو ہسپتال میں ٹوکن حاصل کرنے کیلئے مختلف مراحل سے گزرنا پڑتا ہے اور جب باری آتی ہے کہ تو صرف شوگر اور بلڈ پریشر کے ٹیسٹ کئے جاتے ہیں جوکہ ہم اپنے گھروں میں بھی کر لیتے ہیں جبکہ باقی ٹیسٹ نہیں کئے جاتے بلکہ ہسپتال کا عملہ انہی صرف دو ٹیسٹوں کی رپورٹ دیکر ٹرخا دیتا ہے۔