یتیموں کی کفالت معاشرے کے ہر صاحب حیثیت فرد پر لازم ہے‘ مشتاق احمد ایڈووکیٹ

منگل 20 فروری 2018 15:30

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء)امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مشتاق احمد ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ یتیم بچوں کی کفالت کا مقصد رضائے ا لہٰی کا حصول ہے اور یتیموں کی کفالت معاشرے کے ہر صاحب حیثیت فرد پر لازم ہے، ریڈ فاونڈیشن سکولز کے تحت گلگت بلتستان کے 350 یتیم بچوں کو تعلیمی کفالت مہیا کی جا رہی ہے، تاکہ یہ بچے مستقبل کے معمار بن سکیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریڈ فاونڈیشن سکولز اینڈ کالج گلگت کے زیر اہتمام تقسیم تحفہ برائے موسم سرما کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مذید کہا کہ ریڈ فاونڈیشن سکولز مخیر حضرات کے تعاون سے یہ پروگرام چلا رہی ہے اور بچوں کی عزت نفس مجروح کئے بغیر ان کی تعلیمی معاونت کا سلسلہ جاری ہے۔، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ حفیظ الرحمن نے کہا کہ ریڈ فاونڈیشن سکولز کی خدمات قابل تحسین ہیں، بچوں کی تعلیم و تربیت کا بہترین نظام موجود ہے اور تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت دینے پرریڈکی ٹیم مبارک باد کے مستحق ہیں‘تقریب کے اختتام میں پرنسپل ریڈ فاونڈیشن سکول اینڈ کالج نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔تقریب میں ریڈ فاونڈیشن میں زیر تعلیم آرفنزمیں موسم سرما کے تحائف تقسیم کئے گئے ۔