سینیٹ انتخابات، الیکشن کمیشن سندھ نے دستبردار امیدواروں کی فہرست جاری کردی

سندھ کی 12 نشستوں پر 33 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا،صوبائی الیکشن کمیشن

منگل 20 فروری 2018 15:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 فروری2018ء) صوبائی الیکشن کمیشن سندھ نے سینیٹ انتخابات سے دستبردار امیدواروں کی فہرست جاری کردی ، سینیٹ انتخابات کے لئے سندھ کی 12 نشستوں پر 33 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔ صوبائی الیکشن کمشنر یوسف خٹک کے مطابق سینیٹ کی 12 نشستوں پر 33 امیدوار میدان میں ہوں گے جن میں ایم کیو ایم پاکستان کے 14، پیپلز پارٹی کے 12، پاک سرزمین پارٹی کے 3، تحریک انصاف اور مسلم لیگ فنکشنل کے ایک ایک امیدوار انتخاب میں حصہ لیں گے۔

ٹیکنو کریٹ کی نشست کے لئے 6 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا جن میں پیپلز پارٹی کے ڈاکٹر سکندر میندھرو اور رخسانہ زبیری، ایم کیو ایم پاکستان کے حسن فیروز، ڈاکٹر قادر خانزادہ اور علی رضاعابدی جب کہ تحریک انصاف کے نجیب ہارون شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹ کی جنرل نشستوں پر پیپلز پارٹی کے رضا ربانی، مرتضی وہاب، مصطفی نواز کھوکھر، مولا بخش چانڈیو، امام الدین شوقین، ایاز احمد اور محمد علی شاہ جاموٹ بھی میدان میں ہوں گے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے امیدواروں میں فروغ نسیم، کامران ٹیسوری، احمد چنائے، سید امین الحق، عامر چشتی اور فرحان چشتی شامل ہیں جب کہ پاک سرزمین پارٹی کے انیس احمد، ڈاکٹر صغیر اور سید مبشر امام شامل ہیں۔ مسلم لیگ فنکشنل کے سید مظفر حسین اور مسلم لیگ (ن)کے سرفرار جتوئی بھی سینیٹ امیدواروں میں شامل ہیں۔