سید علی گیلانی کا بھارتی جیلوں میں کشمیری سیاسی نظربندوں کیساتھ روا رکھے جارہے غیر انسانی سلوک پر گہری تشویش کا اظہار

کشمیری نظربندوں کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ،ْسیدعلی گیلانی

منگل 20 فروری 2018 17:07

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئر مین سید علی گیلانی نے مقبوضہ علاقے اور بھارت کی جیلوں میں کشمیری سیاسی نظربندوں کے ساتھ روا رکھے جارہے غیر انسانی سلوک پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ نظربندوں کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس ظاہر کیاکہ بھارت کے قیدخانوں میں مقید کشمیری نظربند ضمیر کے قیدی ہیں لیکن ان کے ساتھ ظالمانہ سلوک روا رکھتے ہوئے انہیں مناسب خوراک اور علاج معالجے کی سہولت سمیت بنیادی ضروریات زندگی سے محروم رکھا جارہا ہے۔

انہوںنے کہاکہ کشمیری نظربندوں کو بدترین جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے کے علاوہ ،علاج معالجے اور مناسب خوراک کے علاوہ اپنے گھروں سے ہزاروں میل دور بھارت کی بدنام زمانہ جیلوں میں نظربند رکھ کر رشتہ داروں سے ملاقات سے محروم رکھا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

سیدعلی گیلانی نے سرینگر سینٹرل جیل میں نظربند وں کو بدترین سیاسی انتقام کا شکار بنائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نظربندوں خورشید احمد لون، عرفان احمد خان، گوہر احمد شیخ، فیاض احمد میر، عمر رشید وانٹ، نثار احمد لون، مشتاق احمد ملہ، معراج الدین نندہ، سہیل احمد شیخ، سیرت الحسن، مفتی عبدالاحد، فیروز احمد ڈاراوردیگر کو جموں کی دور دراز جیلوںمیں منتقل کیا گیا ہے۔

انہوںنے کشمیری نوجوان محمد اسد اللہ پرے کی غیر قانونی نظربندی کو طول دینے کیلئے پانچویں بار مسلسل کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے کی بھی شدید مذمت کی ۔حریت چیئرمین نے غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنمائوں شبیر احمد شاہ، مسرت عالم بٹ، ڈاکٹر شفیع شریعتی، ڈاکٹر محمد قاسم، غلام قادر بٹ، ایاز اکبر، الطاف احمد شاہ، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، نعیم احمد خان، فاروق احمد ڈار، شاہد الاسلام، محمد یوسف میر، امیرِ حمزہ، کامران یوسف، شاہد یوسف، جاوید احمد بٹ، ڈاکٹر غلام محمد بٹ، مظفر احمد ڈار، منظور احمد، طارق احمد، غلام محمد خان سوپوری، محمد رمضان خان، عبدالاحد پرہ، محمد رفیق گنائی، محمد یوسف فلاحی، حفیظ اللہ میر، سرجان برکاتی، رئیس احمد میر، عبدالصمد انقلابی اوردیگر سینکڑوں رہنمائوںکو صبروتحمل اور عظیم قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔

انہوںنے کہا کہ بھارت کے ظلم وجبر کے خلاف غیر قانونی طورپر نظربند تما م حریت رہنماء صبروتحمل کامظاہرہ کر کے اپنی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں، ہمیں ان کی عظیم قربانیوں کو بھولنا نہیں چاہیے اور جس مقدس مقصد کے لیے وہ کال کوٹھریوں میں مظلومانہ زندگی بسر کررہے ہیں ایسی تحریک کو دنیا کی کوئی بھی طاقت اپنے منطقی انجام تک پہنچانے سے روک نہیں سکتی۔