فنانشل ایکشن ٹاسک فورس اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستانی وفد پیرس پہنچ گیا

وفد کی قیادت ڈی جی فنانس مانیٹرنگ یونٹ منصور شاہ کر رہے ہیں ، مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی بھی پیرس آمد

منگل 20 فروری 2018 16:51

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستانی وفد پیرس پہنچ ..
پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2018ء)فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستانی وفد پیرس پہنچ گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا چھ روزہ اجلاس 23 فروری تک جاری رہے گا، جس میں پاکستانی وفد کی قیادت ڈی جی فائنانس مانیٹرنگ یونٹ منصور شاہ کر رہے ہیں جبکہ مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل بھی پیرس پہنچ گئے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں امریکا اور برطانیہ کی اس تجویز پر فیصلہ کیا جائے گا کہ پاکستان کو ایک بار پھر دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام میں تعاون نہ کرنے والے ملکوں میں شامل کیا جائے۔واضح رہے کہ جرمنی اور فرانس بھی اس تجویز کی حمایت کر چکے ہیں اور اگر پاکستان کے خلاف فیصلہ ہوا تو اس سے ملکی معشیت پر منفی اثرات پڑیں گے۔فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ارکان کی تعداد 37 ہے جس میں امریکا، برطانیہ، چین، بھارت اور ترکی سمیت 25 ممالک، خیلج تعاون کونسل اور یورپی کمیشن شامل ہیں۔