نئی نسل اور خاص طور پر بچیوں کو دینی تعلیمات اور اپنی تہذیبی اقدار سے روشناس کرانا ضروری ہے تاکہ قوم کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے

خاتون اول بیگم محمودہ ممنون حسین کی ایوان صدر میں سکول کی طالبات سے بات چیت

منگل 20 فروری 2018 16:49

نئی نسل اور خاص طور پر بچیوں کو دینی تعلیمات اور اپنی تہذیبی اقدار سے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء) خاتون اول بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا ہے کہ نئی نسل اور خاص طور پر بچیوں کو دینی تعلیمات اور اپنی تہذیبی اقدار سے روشناس کرانا ضروری ہے تاکہ نئی نسل کی تربیت بہتر انداز میں کرکے قوم کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں سکول کی طالبات سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سکو ل کی پرنسپل، اساتذہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ خاتون اول بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا کہ معاشرے میں خیر پھیلانے کے لئے ضروری ہے کہ انسان نماز اور صدقہ کواپنی زندگی کا حصہ بنائے اور اپنی آنے والی نسلوں کو اس کی ترغیب دے کیونکہ نماز اورصدقہ برائیوں کے خلاف ڈھال ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مشکلات کو کم کرنے اور مصیبتوں کو سر سے ٹالنے کے لیے صدقہ بہترین عمل ہے چاہے وہ کسی بھی شکل میں ہو۔

اللہ تعالی نے قرآن حکیم میں فرمایا ہے کہ اہل ایمان پورے آداب کے ساتھ نماز ادا کریں اور جو کچھ انہیں عطا کیا گیا ہے، اس میں سے اللہ کی راہ میں خرچ کریں۔ انھوں نے کہا کہ مومن کی یہ شان ہے کہ اللہ کے دیئے ہوئے مال میں سے کچھ حصہ نکال کر حقداروں کو دیتا ہے۔ اس عمل سے اللہ بھی خوش ہوتا ہے، مال میں بھی برکت پیدا ہوتی ہے اور مصائب میں بھی کمی آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدقہ فلاح انسانی کاایک ایسا عمل ہے جس کی ادائیگی کے لئے کسی خاص وقت کی کوئی قید نہیں۔ یہ ایک ایسی عباد ت ہے جس سے انسانی نفس میں بھی پاکیزگی پیدا ہوتی ہے اور مال میں بھی۔ خاتون اول نے کہا کہ اللہ ہمیں نمازپڑھنے ا ور صبر سے کام لینے کا حکم بھی دیتا ہے۔ آج ہمیں اس حکم الہٰی پر عمل کرنے کی انتہائی ضرورت ہے کیونکہ معاشرے میں عدم تحمل سے بہت سے مسائل جنم لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نماز اور صدقہ انسانی نفس میں پاکیزگی پیدا کرتے ہیں جس کے نتیجے میں معاشرے میں خیر پھلتا پھولتا ہے، برائی کی قوتیں کمزور پڑتی ہیں ، دلوں میں کدورتیں کم اور انسانی ہمدردی کے جذبات فروغ پاتے ہیں۔انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے زندگی میں مثبت روّیوں کو پروان چڑھنے کا موقع ملے گا اور ہم دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے قابل ہوسکیں گے۔ اس موقع پرخاتون اول بیگم محمودہ ممنون حسین طالبات میں گھل مل گئیں اور ان کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔

متعلقہ عنوان :