ٹریفک قوانین کی پابندی ہم سب پر فرض ہے، جو لوگ ڈرائیونگ کے دوران سیٹ بیلٹ نہیں باندھتے وہ اپنی جان کی حفاظت نہیں چاہتے، وفاقی وزیرہائوسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی

منگل 20 فروری 2018 16:47

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء) وفاقی وزیرہائوسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہم سب پر فرض ہے، جو لوگ ڈرائیونگ کے دوران سیٹ بیلٹ نہیں باندھتے وہ اپنی جان کی حفاظت نہیں چاہتے، پارلیمنٹ ہائوس کے باہر اسلام آباد ٹریفک پولیس کی آگاہی مہم کا آغاز اچھا فیصلہ ہے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ روڈ حادثات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اکثر لوگ ٹریفک قوانین کی پاسداری نہیں کرتے اور ڈرائیونگ کے دوران سیٹ بیلٹ نہیں باندھتے جس کی وجہ سے جانی نقصان ہوتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ میرے کچھ دوست گزشتہ ماہ سفر کررہے تھے جن میں سے دو افراد ماں اور بیٹا نے سیٹ بیلٹ باندھی ہوئی تھی اور ایک نے نہیں، جب ان کو حادثہ پیش آیا تو سیٹ بیلٹ باندھنے والے بچ گئے اور بغیر سیٹ بیلٹ والا نوجوان اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہاکہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر مہم اچھا فیصلہ ہے، یہاں عوام کے منتخب نمائندے جو بات کریں گے اس سے عوام پر گہرا اثر پڑے گا۔ اس موقع پر ایس ایس پی اسلام آباد ٹریفک پولیس ملک مطلوب نے وفاقی وزیر کو مہم کے حوالے سے آگاہ کیااور مہم کا حصہ بننے پر وفاقی وزیر کاشکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :