ایم کیو ایم پاکستان کو تقسیم نہیں ہونے دوں گا، فاروق ستار

ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنا کر پارٹی کو تقسیم کیا جارہا ہے،سربراہ ایم کیوایم پی آئی بی

منگل 20 فروری 2018 14:50

ایم کیو ایم پاکستان کو تقسیم نہیں ہونے دوں گا، فاروق ستار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2018ء) ایم کیو ایم پی آئی بی کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستارنے کہاہے کہ مجھے بغیر کسی شرط کے بہادر آباد آنے دیں، متحدہ قومی موومنٹ کو تقسیم نہیں ہونے دوں گا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہاکہ میں صاف ستھری اور پڑھی لکھی ایم کیو ایم چاہتا ہوں، بہادر آباد کے ساتھیوں کو سمجھائیں یکجہتی کو پارہ پارہ نہ کریں مجھے بغیر کسی شرط کے بہادر آباد آنے دیں، یقین دلاتا ہوں میں ایم کیو ایم کو تقسیم نہیں ہونے دوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آج سے میں اپنی سب سے بڑی کمزوری مروت کو ختم کرتا ہوں اور آپ اپنی شرطیں ختم کریں ہم ساتھ مل کر بیٹھتے ہیں کیوں کہ میرے پاس فارمولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اور ایم کیو ایم کو کام نہیں کرنے دیا جارہا اور ہماری مرکزیت کو بھی چیلنج کیا جارہا ہے، بہادر آباد گروپ کے ارکان کارکنوں کے ریفرنڈم کو تسلیم کریں۔فاروق ستار نے کہا کہ وہ لیاقت آباد جس سے اسلام آباد گھبراتا تھا آج وہ اپنوں کی سازش کا شکار ہو رہا ہے جب کہ سیاسی جماعتیں الیکشن کی تیاریاں کررہی ہیں اور ہمارے ساتھی سازشوں کا شکار ہورہے ہیں، ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنا کر پارٹی کو تقسیم کیا جارہا ہے، حقیقی ون بھی نامنظور اور حقیقی ٹو بھی نامنظور۔