میرپور خاص: ڈاکٹر پر تشدد ، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے کام بند کردیا

پی ایم اے کی جانب سے ڈاکٹر پر تشدد کے خلاف او پی ڈی بند رکھنے کا نوٹس چسپاں کر دیا گیا ، مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا

منگل 20 فروری 2018 14:44

میرپور خاص: ڈاکٹر پر تشدد ، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے کام بند کردیا
میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 فروری2018ء) سول اسپتال کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے نرسوں کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے والے ڈاکٹر رمیش کمار کی حمایت میں کام بند کردیا۔سول اسپتال میرپورخاص میں نرسوں کو مبینہ ہراساں کرنے والے ڈاکٹر کی حمایت میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف بھی میدان میں آگئے اور احتجاجا اسپتال میں کام بند کردیا۔

پی ایم اے کی جانب سے ڈاکٹر پر تشدد کے خلاف او پی ڈی بند رکھنے کا نوٹس چسپاں کر دیا گیا ہے جب کہ او پی ڈی کی بندش سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ڈاکٹر رمیش کمار نرسوں کی جانب سے تشدد کرنے کے معاملے پر بنائی جانے والی انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش نہ ہوئے اور رات گئے پریس کلب پر اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر احتجاج کرنے پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

متاثرہ نرسوں نے الزام عائد کیا کہ ڈاکٹر انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کی کوشش کرتا تھا، نامناسب پیغامات بھیجتا تھا اور منع کرنے کے باوجود باز نہیں آیا، بلیک میلنگ کا یہ سلسلہ کئی دن سے جاری تھا جس پر انہوں نے انتظامیہ کو شکایت بھی کی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ڈاکٹر کے خلاف 2014 میں بھی جنسی ہراساں کرنے کی شکایت درج کروائی گئی تھی، جس پر چیف سیکریٹری نے ڈاکٹر کو قصوروار قرار دے کر برطرفی کا شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :