نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت 26 فروری تک ملتوی

منگل 20 فروری 2018 14:44

نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت 26 فروری تک ملتوی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 فروری2018ء) اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت 26 فروری تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی، دوران سماعت جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ لاہور ہائیکورٹ میں اسی طرح کی ایک درخواست زیر سماعت ہے، جس پر درخواست گزار مخدوم نیاز انقلابی نے دلائل دیتے ہوئے عدالت میں موقف اپنایا کہ لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت درخواست میں صرف پیمرا کو پارٹی بنایا گیا ہے، میرے کیس میں پریس کونسل آف پاکستان کو بھی پارٹی بنایا گیا ہے، سپریم کورٹ سے نواز شریف نااہل قرار دئیے جانے کے بعد مسلسل عدالتوں کے خلاف زہر افشانی کر رہا ہے، مخدوم نیاز انقلابی نے دلائل دیتے ہوے مذید کہا کہ نواز شریف کو توہین عدالت میں سزا دی جائے، نواز شریف کو آئین کے آرٹیکل 63 ون جی کے تحت بھی نااہل کیا جائے، نواز شریف کی تقاریر پر آئینی طور پر پابندی لگائی جائے،نواز شریف نے ججز کی کردار کشی اپنا وطیرہ بنایا ہوا ہے،نواز شریف سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور ججز کے خلاف مسلسل زہر اگل رہا ہے، نواز شریف عوامی مجالس میں دھمکی آمیز تقاریر مسلسل کر رہا ہے، نواز شریف کی جانب سے سپریم کورٹ کے ججز کو پی سی او جج قرار دیا جا رہا ہے، نواز شریف نے کہا تھا کہ عمران خان کی زبان چیف جسٹس بول رہے ہے،واضح رہے کہ درخواست میں نواز شریف، سیکرٹری انفارمیشن اور چئیرمین پیمرا اور پریس کونسل آف پاکستان کو فریق بنایا گیا ہے۔

علی حسنین