سپیکر قومی اسمبلی نے ایوان میں آمد پر اراکین کی جانب سے چیئر کے احترام میں سر جھکانے کے حوالے سے شق رولز سے نکلوا دی، قومی اسمبلی کی جانب سے خط و کتابت کے لئے استعمال کئے جانے والے لیٹر ہیڈ پر اسلامی جمہوریہ پاکستان شامل ، ایوان میں کوئی تحریک پیش کرنے کے لئے استعمال کیا جانے والا لفظ ’’ Beg‘‘ بھی آئندہ استعمال نہ کرنے پر اتفاق

منگل 20 فروری 2018 13:43

سپیکر قومی اسمبلی نے ایوان میں آمد پر اراکین کی جانب سے چیئر کے احترام ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء) سپیکر قومی اسمبلی نے ایوان میں آمد پر اراکین کی جانب سے چیئر کے احترام میں سر جھکانے کے حوالے سے رولز سے شق نکلوا دی ہے جبکہ قومی اسمبلی کی جانب سے خط و کتابت کے لئے استعمال کئے جانے والے لیٹر ہیڈ پر اسلامی جمہوریہ پاکستان شامل کر دیا گیا ہے، ایوان میں کوئی تحریک پیش کرنے کے لئے استعمال کیا جانے والا لفظ’’ beg ‘‘بھی آئندہ استعمال نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

منگل کو قومی اسمبلی میں وزیر قانون محمود بشیر ورک نے کہا کہ ایوان کی جانب سے’’ Beg ‘‘کا لفظ استعمال کیا جاتا ہے ایسا بادشاہوں کے دربار میں ہوتا تھا، اس کے معنی درست نہیں ہے۔ سپیکر نے کہا کہ ممبران اگر سپیکر سے استدعا کے لئے’’Beg ‘‘کا لفظ استعمال کرتے ہیں وہ غیر مناسب ہے، اس میں ترمیم کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نوید قمر ایس اے اقبال قادری سے کہا کہ وہ کوئی مناسب لفظ تلاش کریں۔

سپیکر نے کہا کہ چیئر کے سامنے سر جھکانا بھی مناسب نہیں، اس کو رولز سے نکال دیا ہے، ہمارے لیٹر ہیڈ پر قومی اسمبلی پاکستان لکھا ہوتا تھا اس کو تبدیل کر کے اسلامی جمہوریہ پاکستان لکھ دیا ہے۔ ایس اے اقبال قادری اور صاحبزادہ طارق اللہ نے اس کو سراہا۔ وزیر مملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمن نے کہا کہ اس اقدام سے آپ کی عزت و مرتبہ میں اضافہ ہو گا۔

وزیر پوسٹل سروسز مولانا امیر زمان نے کہا کہ یہ اہم اقدام ہے اس کو سراہتے ہیں۔ شاہ جی گل آفریدی نے کہا کہ ساڑھے چار سال سے ہر ممبر کو اس کا جائز حق دیتے ہیں، میرٹ اپنایا ہے، اس وجہ سے بہت سے مسائل حل ہو گئے، قبائلی عوام کی طرف سے آپ کو سلام کرتے ہیں، ہماری نسلیں آپ کا یہ احسان نہیں بھولیں گے، آپ کی کمیٹی بنانے کی وجہ سے تکمیل پاکستان ہو رہی ہے، اب وہ حیثیت ختم ہو رہی ہے کہ پاکستان بھی علاقہ غیر ہے، آپ کا نام سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ سپیکر نے بتایا کہ رول 225 میں تبدیلی کی ہے اور ارکان کی سپیکر کے سامنے سر جکھانے ممانعت عائد کر دی ہے۔